نئی دہلی: 29/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) عام آدمی پارٹی(آپ) نے عمارت ٹیکس ختم کرنے کے انتخابی وعدے کو پورا نہ ہو سکنے والا بتانے کے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کے دعوے پر جوابی حملہ کیا ہے۔ نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے آج کہا کہ میونسپل کے اقتدار میں آنے پر آپ اسی اصول کے تحت رہائشی عمارت ٹیکس ختم کرے گی جس کے تحت بی جے پی لیڈر وجے گوئل کے گھرکا ٹیکس معاف کیا گیا۔سسودیا نے کہا کہ حال ہی میں میونسپل کارپوریشن میں حکمراں بی جے پی نے مرکزی وزیر وجے گوئل کی حویلی کے گھر کاٹیکس معاف کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل قانون کی جس دفعہ کے تحت عمارت ٹیکس معاف ہو سکتا ہے اسی کے تحت اسے ختم بھی کیا جا سکتا ہے، اس کے لئے پارلیمنٹ کی اجازت سے قانون میں تبدیلی کی ضرورت نہیں ہوگی۔ آپ اس وعدے کو الیکشن جیتنے کے فورا بعد ترجیحی طورپر مکمل کرے گی۔سسودیا نے کہا کہ اگست 2016 میں بی جے پی کی زیرقیادت شمالی کارپوریشن نے گوئل کی پرانی دہلی میں واقع حویلی کے گھرکاٹیکس معاف کیا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر بی جے پی لیڈروں کے گھر کاٹیکس کارپوریشن کی سطح پر ہی معاف ہو سکتا ہے تو عوام کے گھر کاٹیکس معاف کرنے میں پارلیمنٹ کی اجازت کس طرح ضروری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس عوام کو یہ کہہ کر گمراہ کر رہے ہیں کہ آپ کا یہ وعدہ قانونی ذمہ داری کی وجہ سے پورا نہیں ہو سکتا ہے۔سسودیا نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور کانگریس نے عمارت ٹیکس کے نام پر عوام سے غیر قانونی وصولی کا وسیع نیٹ ورک چلا رکھا ہے۔میونسپل کارپوریشنوں میں عمارت ٹیکس وصولی ہی رشوت خوری کی جڑ ہے۔ آپ مکمل طور ٹیکس ختم کرکے نہ صرف عوام بلکہ میونسپل کارپوریشنز کو بھی اس شیطانی دائرے سے بچائے گی۔