بنگلورو:5/مئی(ایس او نیوز) سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سی کے جعفر شریف نے اچانک اپنی روش بدلتے ہوئے حالیہ ضمنی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی پر وزیر اعلیٰ سدرامیا، کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور اور وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار کو مبارکباد دی ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سدرامیا کے نام لکھے گئے مکتوب میں جعفر شریف نے ضمنی انتخابات میں اس جیت کیلئے وزیر اعلیٰ کی تعریفوں کے پل باندھے ہیں اور کہاکہ ان کی دور اندیشانہ صلاحیتوں کے وہ ہمیشہ سے معترف رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈی کے شیوکمار ہر الیکشن میں پوری دلچسپی کے ساتھ پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کی حکمت عملی کے نتیجہ میں ہی ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ حلقوں کے ضمنی انتخابات میں پارٹی کامیاب ہوپائی ہے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں جعفر شریف نے کانگریس سے کھلی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی کی بھرپور تعریف کی تھی اور آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کو ملک کا صدر بنائے جانے کی وکالت کی تھی۔ ایسا لگتا ہے کہ شاید بی جے پی کے حلقوں میں ان کی ان باتوں کو ان سنا کردیا گیا،جس کے سبب ایک بار پھر مجبوراً وہ ریاست کے کانگریس قائدین کی تعریف کے پل باندھنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔