بنگلورو،13؍مارچ(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے کہاکہ آنے والے ضمنی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو شکست کی مایوسی ابھی سے ہونے لگی ہے، اسی لئے کانگریس قائدین نے بی جے پی پر غیر ضروری نکتہ چینیوں کا سلسلہ ابھی سے شروع کردیا ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ سدرامیا کی طرف سے ان کے متعلق جو بھی تبصرہ کیاجائے گا وہ اس کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتے۔ انہوں نے کہاکہ ننجنگڈھ حلقہ میں کانگریس پارٹی کے پاس اپنا امیدوار نہیں ہے، جس کی وجہ سے سرینواس پرساد کا مقابلہ کرنے کیلئے سدرامیا جے ڈی ایس کے امیدوار کشیوا مورتی کو اپنی پارٹی میں لائے ہیں ، سدرامیا کی یہ حرکت مقابلہ سے پہلے ہی شکست تسلیم کرنے کے متراف ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کے ننجنگڈھ پہنچنے سے پہلے ہی وہاں کے عوام کی طرف سے بی جے پی کا جس والہانہ طریقہ سے استقبال کیا جارہا ہے اسے دیکھتے ہوئے انہیں توقع ہے کہ اس حلقہ سے پارٹی کی جیت صد فیصد یقینی ہے۔ یڈیورپانے کہاکہ 15مارچ کو ریاست کے قد آور سیاست دان اور سابق وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا ، بی جے پی کے قومی صد رامیت شا اور وزیراعظم نریندر مودی کی موجود گی میں باضابطہ بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے، اس تقریب میں شرکت کیلئے وہ بھی دہلی روانہ ہورہے ہیں۔