بنگلورو:3/اپریل(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہاکہ 9، اپریل کو ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ اسمبلی حلقوں کیلئے ہونے والے ضمنی انتخابات آنے والے اسمبلی انتخابات کے نقیب قطعاً نہیں ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت پچھلے چار سال سے عوام کیلئے کی گئی فلاحی خدمات کی بنیاد پر انتخابات لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے کی گئی فلاحی خدمات کو کافی قبولیت حاصل ہورہی ہے، ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ حکومت کے تئیں عوام کا کیا رجحان ہے اس کا اندازہ لگانے کیلئے ریاستی حکومت کی طر ف سے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس ریاست میں جب بھی اقتدار پر رہی اس نے کمزور طبقات کی فلاح وبہبود کو مقدم رکھا ہے، انہوں نے کہاکہ حکومت دلتوں کو حاصل ریزرویشن کی حد 72 فیصد تک بڑھانے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے، فی الوقت تملناڈو میں 69 فیصد ریزرویشن دلتوں کو دیا گیا ہے، انہی خطوط پر کرناٹک میں بھی ریزرویشن دینے کے سلسلے میں ماہرین قانون سے بات چیت کی جائے گی۔