کراچی2اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اور شدت پسندوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شدت پسند ہلاک ہوا ہے۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کی صبح ضلع بونیر کے ساتھ واقع صوابی کے سرحدی علاقے اوتلہ میں پیش آیا۔اوتلہ پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار عمر زمان نے بتایا کہ پولیس اہلکار معمول کاسرچ آپریشن کر رہے تھے کہ اس دوران پہاڑی علاقے سے مسلح شدت پسندوں نے ان پر فائرنگ کی جس سے ایک پولیس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔ان کے مطابق پولیس کی طرف سے بھی جوابی کارروائی کی گئی جس میں ایک شدت پسند مارا گیا۔پولیس اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مرنے والے شدت پسند کے دو بھائیوں کوبھی گرفتار کر لیا ہے۔خیال رہے کہ صوابی میں اس سے پہلے بھی پولیس اہلکاروں اور پولیو کارکنوں پر شدت پسندوں کی جانب سے حملے ہوتے رہے ہیں جس میں کئی ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں۔صوابی کی سرحد ضلع بونیر سے ملتی ہے اور چند سال پہلے تک ان دونوں اضلاع میں پولیس اہلکار شدت پسندوں کے حملوں کی زدپر تھے۔پولیس افسران کا کہنا ہے کہ شدت پسند اکثراوقات بونیر کے پہاڑی علاقوں سے صوابی کی طرف آتے ہیں اور ان سرحدی مقامات میں کئی مرتبہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔