سنیئروزیرکے استعفیٰ کی دھمکی پرملائم سنگھ یادونے پیٹھ پوچھی،کی جم کرتعریف
لکھنؤ15اگست(آئی این ایس انڈیا)سماج وادی پارٹی(ایس پی )کے سربراہ ملائم سنگھ یادو اترپردیش کی ایس پی حکومت میں پھیلی بدعنوانی سے پریشان ہوکر استعفیٰ کی بات کہنے والے ریاست کے سینئر کابینہ وزیر شیو پال سنگھ یادو کی حمایت میں آج کھل کر بولے اور کہا کہ شیو پال کے خلاف پارٹی میں لابنگ ہورہی ہے اوراگر وہ ایس پی چھوڑ کر گئے تو پارٹی ٹوٹ جائے گی۔یومِ آزادی کے موقع پر ایس پی ریاستی دفتر میں منعقد پروگرام کے دوران پارٹی سربراہ نے کہا کہ آج اخبارات میں شیو پال کا بیان چھپا ہے جس میں انہوں نے ریاست میں بروکرز اور دبنگوں کے راج پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے استعفیٰ کی بات کہی ہے۔سچائی یہ ہے کہ پارٹی میں ہی شیوپال کے خلاف سازش ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ شیو پال اتنی محنت کرتے ہیں، کام کرتے ہیں۔کچھ لوگ ان کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔اگر وہ پارٹی سے الگ ہو جائیں گے تو پارٹی کی حالت بہت خراب ہو جائے گی۔آدھے لوگ ان کے ساتھ چلے جائیں گے۔میڈیا کی موجودگی میں ایسے بیان پر کچھ پارٹی لیڈروں نے دبے الفاظ میں ان کو روکنے کی کوشش کی تو ایس پی سربراہ نے کہا کہ میڈیا بیٹھا ہے تو کیا ہوا، جو بات سچ ہے وہ سچ ہے اس موقع پر وزیراعلی ٰاکھلیش یادوموجودتھے۔قابلِ ذکر ہے کہ کل مین پوری سنیئروزیرشیوپال یادونے غیر قانونی قبضوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے استعفیٰ کی دھمکی دی تھی۔ایس پی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ سماج وادی پارٹی بھلے ہی اگلا الیکشن نہیں جیت پائے لیکن اگر ایماندار لوگ رہیں گے تو اس سے اگلا الیکشن ضرور جیت جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ اگلے ماہ میں 18بلاکوں میں ریلیاں کریں گے توماحول بدلے گا۔