ممبئی ؍نئی دہلی، 26؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ممبئی میں ایک خصوصی عدالت نے سی بی آئی کو آج شینا بورا قتل معاملہ میں ستمبر میں اگلی سماعت کی تاریخ سے الزام طے کرنے پر دلیلیں شروع کرنے کی ہدایت دی، وہیں جج نے کہا کہ وہ سماعت تیز کریں گے۔خصوصی سی بی آئی عدالت کی یہ ہدایت ایسے وقت میں آئی ہے جب ایجنسی نے کہا کہ معاملے میں راہل اور اس کے والد پیٹر مکھرجی اور ان کی سوتیلی ماں اندرانی کے درمیان مبینہ ٹیلی فون بات چیت کے لیک ہوئے ٹیپ میڈیا میں سامنے آنے کے بعد متوازی مقدمہ نہیں چلنا چاہیے ۔ان ٹیپوں سے قتل پر پردہ ڈالنے کی جوڑے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے ۔عدالت نے قتل کی کلیدی ملزم اندرانی مکھرجی، اس کے شوہر پیٹر اور اس کے سابق شوہر سنجیو کھنہ کی عدالتی حراست 13؍ستمبر تک بڑھا دی ہے ، جب ایجنسی ان کے معاملے کو اٹھا سکتی ہے۔خصوصی سی بی آئی جج ایچ ایس مہاجن نے کہاکہ استغاثہ الزامات طے کرنے پر دلیل دے سکتا ہے بشرطیکہ دفاعی فریق کے مفاد محفوظ رہیں، میں سماعت تیز کروں گا۔اس سے پہلے خصوصی سرکاری پراسکیوٹر ز بھارت بادامی اورکویتا پاٹل نے عدالت میں کہا کہ فریق استغاثہ الزامات طے کرنے کے لحاظ سے معاملے کو شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم سماعت شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔استغاثہ نے کہا کہ کل سے میڈیا معاملے میں سی بی آئی کے دو گواہوں سے کچھ کہلوانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن انہوں نے ان کا نام نہیں بتایا۔اس تناظر میں انہیں یہ بھی لگتا ہے کہ معاملے میں متوازی سماعت نہیں ہونی چاہیے اور ان کے گواہوں کو تحفظ ملنا ضروری ہے۔اس پر جج مہاجن نے کہا کہ کوئی خبروں کوسنجیدگی سے نہیں لے رہا۔عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ قتل پر مبینہ ٹیپوں کا کوئی حصہ عدالت سے لیک نہیں ہوا۔سی بی آئی نے بھی عدالت سے کہا کہ ان کی جانب سے بھی کوئی ٹیپ لیک نہیں ہواہے ۔