ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شہر کی بڑی بڑی اوقافی املاک پر حکومت اور دیگر کے قبضے،اوقافی سروے کیلئے 346جائیدادوں کی تفصیل ضلعی انتظامیہ کو پیش: شجا ع الدین

شہر کی بڑی بڑی اوقافی املاک پر حکومت اور دیگر کے قبضے،اوقافی سروے کیلئے 346جائیدادوں کی تفصیل ضلعی انتظامیہ کو پیش: شجا ع الدین

Sat, 04 Mar 2017 10:49:57    S.O. News Service

بنگلورو،3؍مارچ(ایس او نیوز) شہر گلستان بنگلور میں ایرو انڈیا ایر شوکا اہتمام جہاں شہرکو عالمی نقشے پر ایک اہم مقام حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، وہیں کافی دیر سے یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ اس ایر شو کے اہتمام کیلئے یلہنکا ایر بیس کی جو زمین استعمال کی جاتی ہے وہ ایک اوقافی املاک ہے، جس پر حکومت نے قبضہ کررکھا ہے۔ یلہنکا کے سروے نمبر 9,8,7,11,13,2,5,4 میں آنے والی 239 ایکڑ 28،گنٹے زمین پر بی ایس ایف ، محکمۂ پولیس اور ایرپورٹ حکام نے قبضہ کررکھا ہے۔ اس زمین کو اوقاف میں واپس لینے یا پھر اس کے عوض متبادل مقام پر سرکاری زمین وقف میں شامل کرانے کیلئے بنگلور اربن ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کی طرف سے کوشش کی جارہی ہے ۔ یہ بات بنگلور اربن ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے چیرمین سید شجاع الدین نے بتائی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہر کے تقریباً16 مقامات پر بڑی بڑی زمینات اسی طرح کے سرکاری اور نجی قبضوں میں جاچکی ہیں۔ ان میں جامع مسجد یلہنکاکی پانچ ایکڑ 20گنٹے زمین پر بی ڈی اے نے قبضہ کرلیا ، سنی مسجد چکباناور کی تقریباً 7.5 ایکڑ زمین پر نجی لوگوں نے قبضہ کرلیا ہے، یشونت پور میں محمود شریف ایجوکیشنل ٹرسٹ کی زمین پر ریلوے ، کے ایس آر ٹی سی ، سلم کلیئرنس بورڈ اور سی آئی سی بی نے قبضہ کررکھا ہے۔ شہر کے ڈبل روڈ کے قریب بڑا مکان کی 51.625ایکڑ زمین پر محکمۂ باغبانی اور سلم کلیئرنس بورڈ نے قبضہ کررکھا ہے۔لٹے گولہلی میں درگاہ حضرت مانک شاہ کی 196 ایکڑ18گنٹے زمین پر بی ڈی اے کاقبضہ ہے۔سنی مسجد بوپ سندرا کی 13 ایکڑزمین پر بھی بی ڈی اے نے قبضہ کیا ہے۔ بنشنکری کری سندرا میں کتابی سرویس وقف کی 126،ایکڑ 35گنٹے زمین پر بی ڈی اے ، ریاستی حکومت ، ایل آر ایف نے قبضہ کرلیاہے۔ شہر بنگلور میں اوقافی سروے کے متعلق ایک سوال پر شجاع الدین نے بتایاکہ شہر بھر کی جملہ 354 اوقافی املاک کی تفصیلات ضلعی انتظامیہ کو دی جاچکی ہیں، جبکہ 33؍ اوقافی املاک کا سروے مکمل ہوچکا ہے۔ اس سروے کو بھی جلد از جلد مکمل کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلور اربن ضلع میں جملہ 1466 اوقافی جائیدادیں ہیں جن میں سے 560 جائیدادوں کے کھاتے کواپڈیٹ کرنے کیلئے نشاندہی کی گئی ہے۔ اس موقع پر شجاع الدین نے مساجد اور دیگر اوقافی اداروں کے ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اداروں کے پکے دستاویزات تیار کروائیں اور وقف سروے میں تمام تفصیلات دستاویزات کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کو مہیا کرائیں۔ خاص طور پر مساجد ، درگاہوں ، خانقاہوں اور دیگر اوقافی اداروں کے ذمہ دار سب سے پہلے اپنے ادارہ کے کھاتے کی جانچ کروالیں۔ سٹی سروے اسکیچ کی تفصیلات حاصل کریں ، جس میں ہر جائیداد کی حقیقت ظاہر ہوجائے گی۔ اس سلسلے میں شجاع الدین نے ذمہ داروں سے گذارش کی ہے کہ رہنمائی کیلئے کسی بھی وقت ان سے حمید شاہ کامپلکس میں واقع ان کے دفتر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔


Share: