شملہ، 26؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یہاں گوالدی گاؤں میں آج علی الصبا ح بادل پھٹنے کے ایک واقعہ میں ایک نیپالی خاندان کے پانچ رکن بہہ گئے۔اس حادثہ میں 12سال کا ایک گونگا اور بہرا آدمی معجزانہ طور پر بچ نکلا۔نرین پنچایت کے صدر نریش چوہان نے بتایا کہ پہاڑی پر بادل پھٹنے کے واقعہ میں کانچھاخاندان کا گھر بہہ گیا۔شملہ کے ڈپٹی کمشنر روہن چند ٹھاکر نے بتایاکہ مقامی لوگوں کی مدد سے پانچ ہلاک شدگان کی لاشیں برآمد کر لی گئیں اور 12سالہ معذور بچہ بچ نکلا۔مردوں میں لچھی رام، اس کی بیوی اور ان کے تین بچے شامل ہیں۔چوہان نے بتایا کہ بھاری بارش اور اندھیرا ہونے کے باوجود مقامی لوگوں کی مدد سے ملبے سے لاشوں کو نکال لیا گیاہے ۔بادل پھٹنے کی وجہ سے شملہ سے تقریبا 150کلومیٹر دور رام پور دعلاقے کی نرین پنچایت کے تحت گوالدی گاؤں کی طرف جانے والی سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔کچھ کسانوں کے سیب کے باغات بھی بہہ گئے یا ان کو نقصان پہنچا۔ایس ڈی ایم نشانت ٹھاکر اور ڈی ایس پی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔مرنے والوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے لے جایا گیا ہے۔