ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / شراب بندی کی خلاف ورزی پر نالندہ کے ایک گاؤں پر اجتماعی جرمانہ عائد

شراب بندی کی خلاف ورزی پر نالندہ کے ایک گاؤں پر اجتماعی جرمانہ عائد

Wed, 10 Aug 2016 11:03:33    S.O. News Service

بہارشریف ، 9 ؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )بہار میں مکمل شراب بندی نافذ ہونے کے بعد بھی اسلام پور ڈویژن کی رانی پور پنچایت کے کیلاش پوری گاؤں میں جاری غیرقانونی شراب کے کاروبار کو لے کر ضلع انتظامیہ نے پورے گاؤں پر اجتماعی جرمانہ عائد کیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ تیاگ راجن ایس ایم نے آج یہاں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے اسلام پور ڈویژن کی رانی پور پنچایت کے کیلاش پوری گاؤں میں مسلسل غیر قانونی شراب کے کاروبار کی شکایت ملنے پر مذکورہ گاؤں کے لوگوں پر اجتماعی جرمانہ عائدکیاگیاہے۔غورطلب ہے کہ نالندہ وزیر اعلی نتیش کمار کا آبائی ضلع ہے۔گزشتہ مانسون سیشن کے دوران گذشتہ یکم اگست کوبہار اسمبلی کی طرف سے بہار منشیات ممنوع اور مصنوعات بل 2016صوتی ووٹنگ کے ذریعہ منظور کیا گیاتھا۔اس نے بہار مصنوعات ترمیمی بل 2015کی جگہ لی ہے۔نئے قانون میں اس جرمانے کی تجویز کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپریل سے ریاست میں مکمل شراب بندی ، اور اس سلسلے میں مسلسل اپیل کے باوجود کیلاش پور گاؤں میں غیر قانونی شراب کاکاروبارکیا جا رہا تھا۔اسے دیکھتے ہوئے انسدادمنشیات کے نئے قانون کے مطابق ہر خاندان پر پانچ پانچ ہزار روپے کاجرمانہ عائد کیا جا رہا ہے۔ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ اس کے علاوہ ضلع کے تین ہوٹلوں پر شراب کی برآمدگی کے معاملے میں ان ہوٹلوں کی املاک ضبط کرنے کی کاروائی شروع کر دی گئی ہے۔من پسند ہوٹل اور مڈوے ہوٹلوں کی ملکیت پر قبضہ کرنے کے لیے نوٹس بھیجا جا چکا ہے جبکہ مدھوبن فیملی ریسٹورنٹ کو بھی نوٹس بھیجا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم اپریل سے شراب بندی نافذ ہونے سے لے کر 7؍ اگست تک پولیس اور آبکاری محکمہ نے ابھی تک 189لوگوں کو غیر قانونی شراب کے کاروبارکے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔1083لیٹر دیسی شراب، 1527لیٹر غیر ملکی شراب، 6 لیٹر بیئر، 280لیٹر چلائی گئی شراب، 109لیٹر، 2823کلو گرام چھوا، 36گرام گانجہ ضبط کیا گیا ہے۔


Share: