بنگلورو:16/اگست(ایس او نیوز)شہر میں 14اگست کی شب شدید بارش کے بعد کئی نشیبی علاقوں کے محصور ہوجانے کے بعد آئی ٹی کے اس مرکز کے عوام ڈراونے خواب سے ہنوز نہیں نکل پائے ہیں ،کیونکہ جنوبی اور جنوب مغرب بنگلورو کے کئی علاقوں میں ابھی بھی پانی بھرا ہوا ہے ۔ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن شانتی نگر بس ٹرمنل سے اپنی خدمات کو معطل کرنے پر مجبور ہوگیا، جہاں سے شمالی تمل ناڈو اور آندھراپردیش کیلئے بسیں چلائی جاتی ہیں ،کیونکہ بس ٹرمنس میں پانی داخل ہوگیا اور کیچڑ میں ٹائرس کے پھنس جانے کے سبب بسوں کو نکالا نہیں جاسکا ۔کے ایس آرٹی سی کے ذمہ داروں نے کہا کہ پانی ڈیزل ٹینکس میں داخل ہوگیا اور بسوں کو معمول کی حالت میں لانا کافی مشکل کام ہے ۔بس ڈپو میں 10فیٹ سے زائد پانی جمع ہوگیا ہے اور ابھی بھی پانی کو نکالنے کا کام کیا جارہا ہے ۔ ایک پانچ منزلہ زیرتعمیر عمارت میں پانی داخل ہوگیا ہے اور اس کا بیسمٹ کمزور ہوگیا ۔اس کے گرنے کا خطرہ ہے اور حکام نے اطراف کے علاقوں کے عوام کو دوسرے مقامات پر منتقل کرنے کا کام شروع کردیا ہے ۔ تاہم محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ شہر میں رات میں مزید بارش ہوسکتی ہے ۔