ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / شاہ کے قریبی روپانی گجرات کے نئے وزیر اعلی ٰہوں گے ، نتن پٹیل نائب وزیر اعلیٰ

شاہ کے قریبی روپانی گجرات کے نئے وزیر اعلی ٰہوں گے ، نتن پٹیل نائب وزیر اعلیٰ

Fri, 05 Aug 2016 21:28:15    S.O. News Service

احمد آباد، 5؍اگست (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )امت شاہ کے قریبی مانے جانے والے وجے روپانی گجرات کے نئے وزیر اعلی ہوں گے۔وہ حال ہی میں وزیر اعلی کے عہدے سے استعفی دینے والی آنندی بین پٹیل کی جگہ لیں گے، حالانکہ دن بھر نتن پٹیل کا نام وزیر اعلی کے عہدے کے لیے بحث میں رہا اور یہ تقریبا طے مانا جا رہا تھا کہ وہی نئے وزیر اعلی ہوں گے، لیکن پارٹی اراکین کی میٹنگ کے بعد ہوئے اعلان میں وجے روپانی کا نام آخری طور پر سامنے آیا، وجے روپانی شروع سے ہی بی جے پی صدر امت شاہ کی پسند تھے۔روپانی گجرات بی جے پی کے صدر اور ریاست کے وزیر ٹرانسپورٹ ہیں۔غورطلب ہے کہ نئے وزیر اعلی کے طور پر منتخب کئے گئے روپانی کو بی جے پی صدر امت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی، دونوں کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔جین سماج سے تعلق ہونا بھی ایک حد تک ان کے حق میں گیا ہے۔روپانی راج کوٹ سے ہیں۔انہوں نے جوانی سے ہی طلبا سیاست میں حصہ لینا شروع کر دیا تھا۔ایمرجنسی کے دوران وہ جیل میں بھی رہے تھے ۔وجے روپانی کے علاوہ نتن پٹیل کا نام بھی وزیر اعلی کے عہدے کی دوڑ میں شامل تھا لیکن آخر کار سیاسی جوڑتوڑ روپانی کے حق میں گیا اور نتن پٹیل کو نائب وزیر اعلی کے عہدے پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔نتن پٹیل شمالی گجرات کے کڑوا پٹیل لیڈر ہیں،ان کی شبیہ زمین سے جڑے لیڈر کی رہی ہے۔90کی دہائی سے ہی وہ مسلسل وزیر بنتے آرہے ہیں۔اب تک وہ صرف ایک بار ہی الیکشن ہارے ہیں وہ بھی 2002میں، جب گجرات میں نریندر مودی کی حکومت تھی ،اس وقت وہ شہری ترقیات اور وزیر خزانہ رہے۔گجرات کابینہ میں ان کی نمبر 2کی حیثیت تھی۔کہنے کو تو وہ آنندی بین پٹیل حکومت میں وزیر صحت تھے لیکن حکومت کے ترجمان وہی تھے، ان کی شبیہ میڈیا فرینڈلی رہی ہے۔آنندی بین کی ہی طرح وہ شمالی گجرات سے پٹیل لیڈر ہیں۔نتن اس کمیٹی کے سربراہ بھی تھے جس نے پاٹیدار تحریک کے بعد سرکاری ملازمتوں اور کالجوں میں ریزرویشن کے مسئلے پر پاٹیدار لیڈروں سے بات چیت کی تھی۔وہ بی جے پی صدر امت شاہ اور آنندی بین پٹیل دونوں کے قریبی مانے جاتے ہیں، اور ایسا بھی مانا جاتا ہے کہ نتن پٹیل کو وزیر اعظم نریندر مودی کا آشیرواد بھی حاصل ہے۔


Share: