نئی دہلی، 27؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کے کام کاج والی سیاست کے دور میں قدم رکھنے کی وضاحت کرتے ہوئے پارٹی صدر امت شاہ نے آج پارٹی کے وزرائے اعلی سے کہا کہ وہ اپنی ریاستوں کو مرکز کے غریب پرور اور گڈ گورننس کے ایجنڈے کے نفاذ میں مؤثر ذریعہ بنیں ۔امت شاہ نے کہا کہ پارٹی ملک کے 51فیصد سے زیادہ علاقہ اور 37فیصد آبادی پر حکمرانی کررہی ہے ، اس لیے ایسے میں ریاست مودی حکومت کے فلاحی منصوبوں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گی کیونکہ وہ مرکز کی طرف سے شروع کئے گئے اس طرح کے 80میں سے 65منصوبوں کے نفاذ کے لیے ذمہ دار ہیں۔پارٹی کے وزرائے اعلی، نائب وزرائے اعلی اور سبھی ریاستی صدور کے ایک روزہ اجلاس کے افتتاحی سیشن میں شاہ نے ان خیالات کا اظہارکیا ۔پارٹی کے مئی 2014میں مرکز کے اقتدار میں آنے کے بعد یہ اس طرح کا پہلا اجلاس ہے۔اس اجلاس سے کچھ ہی پہلے شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاستی اکائیوں کی کور کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کے غریب پرور اور گڈ گورننس کے ایجنڈے کو پیش کیا تھا۔ایسے وقت میں جب پارٹی دلتوں اور اقلیتوں کے مسئلے کو لے کر اپوزیشن کے نشانے پر ہے، اس کا خیال ہے کہ فلاحی منصوبوں، خاص طور پر غریبوں پر خصوصی توجہ دینے سے وہ سیاسی مشکلات سے بچ جائے گی اور کمزور طبقے تک اپنی پہنچ بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔شاہ نے کہاکہ بی جے پی نے ملک میں کام کاج کی سیاست کا باب شروع کیا ہے۔بی جے پی کی ریاستی حکومتیں صرف اپنے کام کاج کی بنیاد پر بار بار منتخب کی گئیں ہیں۔یہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ ہم ساتھ مل کر غریبوں کے لیے فلاحی ریاست بنائیں اور عوام کی زندگی کو تبدیل کریں۔