کولکاتہ،22فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ریلوے کی نوکری چھوڑ کر بین الاقوامی کرکٹ میں بلندیاں چھونے والے مہندر سنگھ دھونی نے ایک بار پھر ٹرین کی سواری کی ہے۔بین الاقوامی کرکٹر بننے سے پہلے کی زندگی کا طویل وقت ریلوے کوارٹر میں گزارنے والے دھونی 13سال بعد ٹرین میں بیٹھے۔دھونی منگل کی رات ٹرین سے رانچی سے کلکتہ کے لئے روانہ ہوئے۔اس دوران ان کے ساتھ جھارکھنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی تھے۔اس سال بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے بعد دھونی ایسے دوسرے اسٹار ہیں جنہوں نے ٹرین کی سواری کی ہے،تاہم شاہ رخ نے اپنی فلم رئیس کے پروموشن کے ارادے سے ٹرین کی سواری کی لیکن دھونی نے بغیر کسی کو بتائے ہی اچانک ٹرین میں سوار ہو گئے۔اتنا ہی نہیں دھونی نے اس ٹرین کے اس سفر کی تصویر اپنے انسٹاگرام، ٹویٹر اور فیس بک پیج سے شیئر بھی کی ہے۔دھونی نے اپنی تصویر انسٹاگرام پر ڈالتے ہوئے لکھاکہ میں ٹرین میں 13سال کے بعد سفر کر رہا ہوں،طویل سفر ہے اور میں اس کا لطف اٹھارہاہوں،میں اپنی ٹیم سے ساتھیوں سے بات کرتا ہوا جاؤں گا۔دراصل وجے ہزارے ٹرافی کے لئے مہندر سنگھ دھونی کو جھارکھنڈ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔اسی سلسلے میں دھونی اپنی جھارکھنڈ کی ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ ٹرین سے سفر کیا۔کرکٹ کے میدان پر اپنے فیصلوں سے چونکانے والے دھونی ذاتی زندگی میں بھی لوگوں کو حیران کرتے رہتے ہیں۔ساکشی راوت سے شادی کی بات ہو یا کپتانی چھوڑنے والا فیصلہ، دھونی نے ہر بار لوگوں کو حیران کیا ہے۔بین الاقوامی کرکٹ میں آنے سے پہلے دھونی کھڑگ پور ریلوے اسٹیشن پر ٹی ٹی تھے۔انہوں نے یہاں 2000سے لے کر 2005تک ملازمت کی تھی۔دھونی نے طویل وقت تک ریلوے کی ٹیم کی جانب سے بھی کرکٹ کھیلا ہے۔ریلوے کی ٹیم کی طرف سے کھیلتے ہوئے انہیں کرکٹ میں ابتدائی شناخت ملی تھی۔