ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / شام میں کردوں کے خلاف دوبارہ حملے شروع کرنے کی ضرورت نہیں: ترکی

شام میں کردوں کے خلاف دوبارہ حملے شروع کرنے کی ضرورت نہیں: ترکی

Wed, 23 Oct 2019 16:58:42    S.O. News Service

انقرہ،23اکتوبر(ایجنسی) ترکی نے بدھ کے روز ایک اعلان میں کہا ہے کہ جنگ بندی کا دورانیہ ختم ہونے کے بعد اسے شمال مشرقی شام میں کرد جنگجوؤں کے خلاف دوبارہ حملے شروع کرنے کی "ضرورت نہیں"۔ ترکی کے مطابق امریکا نے اسے آگاہ کیا ہے کہ سرحدی علاقوں سے کرد فورسز کا انخلا کامیابی سے پورا ہو گیا۔ ترکی کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس مرحلے پر کسی نئے آپریشن پر عمل درامد کی ضرورت نہیں ہے۔

ترکی کا یہ اعلان منگل کے روز روس کے شہر سوچی میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پوتین کے ساتھ طویل بات چیت کے بعد سامنے آیا ہے۔ ملاقات میں فریقین نے 10 شقوں پر مشتمل ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کی رُو سے شام اور ترکی کی سرحد پر ترکی اور روس کے دستے مشترکہ گشت کریں گے۔ بدھ 23 اکتوبر کی دوپہر سے سرحد پر شام کے حصے میں روسی فوجی پولیس اور شامی حکومت کی فورسز کے دستے گشت کا آغاز کریں گے۔ ان کا بنیادی مشن آئندہ 150 گھنٹوں کے دوران ترکی کے آپریشن کے متوازی علاقے سے کرد فورسز اور ان کے ہتھیاروں کا انخلا ہے۔ بعد ازاں ماسکو اور انقرہ سرحدی علاقے میں صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے مشترکہ دستوں کا گشت عمل میں لائیں گے۔

مذکورہ سمجھوتے میں یہ بات بھی شامل ہے کہ فریقین ترکی کی قومی سلامتی کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے شام کی وحدت اور خود مختاری کی پاسداری کریں گے۔


Share: