نئی دہلی، 22اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سیلاب سے متاثرہ بہار، راجستھان، مدھیہ پردیش اور دیگر ریاستوں کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں این ڈی آر ایف نے ابھی تک 26400سے زائد افراد کو بچایا ہے۔انسدادقومی آفت فورس نے مختلف ریاستوں میں بھاری بارش کی وجہ سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے 56ریلیف اور ریسکیو جماعتوں کو لگایا ہے۔بہار اور اتر پردیش میں صورت حال پر نظر رکھنے کے لئے سب انسپکٹر جنرل سطح کے دو افسران کو لگایا گیا ہے۔فورس نے کہا کہ ابھی تک اس مانسون سیشن میں ملک کے مختلف سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے 26400سے زیادہ لوگوں کو نکالا ہے۔امدادی کام کے علاوہ ان ٹیموں نے ان ریاستوں میں 9100سے زیادہ لوگوں کو طبی دیکھ بھال بھی مہیا کرائی ہے۔اتر پردیش، بہار، راجستھان، گجرات اور مدھیہ پردیش میں امدادی کام چلائے جا رہے ہیں۔بہار میں کل این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے دیدارگج سے 3400لوگوں، بختیار پورسے 580، داناپور سے 545، چھپرہ سے 380، ویشالی سے 355اور منیر میں 15لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا۔فورس نے کہا کہ 11سیلاب راحت بچاؤ ٹیموں نے کل اتر پردیش کے بلیا سے 275افراد، وارانسی سے 275افراد اور چترکوٹ سے 325لوگوں کو بچایا۔مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع سے کل پانی میں پھنسے ہوئے 147لوگوں کومحفوظ مقامات پر لے جایا گیا ہے۔این ڈی آر ایف نے کہا کہ فورس کے سکم میں پہلے سے ہی تعینات ٹیم نے کل تنگ بنگ اور لنگڈنگ دیہات سے 450لوگوں کو محفوظ مقام پر پہنچایا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ان سیلاب متاثرہ ریاستوں میں دفاع اور ریلیف مہم چلانے میں مکمل تعاون کا وعدہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ صورتحال پر قریب سے نظر رکھ رہے ہیں اور انہوں نے ان ریاستوں کے وزرائے اعلی سے بات چیت کی ہے۔راج ناتھ کی آج صبح اتر پردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو، اتراکھنڈ کے ہریش راؤ، بہار کے نتیش کمار اور راجستھان کی وسندھرا راجے سے فون پر بات چیت ہوئی اور انہوں نے متعلقہ ریاستوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔