ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / سپریم کورٹ نے اپنے سابق جج مارکنڈے کاٹجو کو توہین عدالت کانوٹس جاری کیا

سپریم کورٹ نے اپنے سابق جج مارکنڈے کاٹجو کو توہین عدالت کانوٹس جاری کیا

Fri, 11 Nov 2016 19:45:59    S.O. News Service

نئی دہلی، 11؍نومبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ نے آج غیر متوقع کارروائی کرتے ہوئے’’ عدلیہ کوبدنام‘‘کرنے والی زبان استعمال کرنے کے معاملے میں اپنے ہی ایک سابق جج مارکنڈے کاٹجو کو توہین عدالت کانوٹس جاری کیا۔جسٹس کاٹجو آج عدالت میں بینچ کے سامنے حاضرہوئے اور ان کی ان کے ساتھ تیکھی جھڑپ ہوئی۔جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس پی سی گھوش اور جسٹس ادئے یو للت کی تین رکنی بنچ نے کہا کہ حال ہی میں ایک بلاگ میں کاٹجو کا بیان فیصلے پر نہیں بلکہ ججوں پر شدید حملے جیسا ہے اور اس وجہ سے ان کوتوہین نوٹس دیا جا رہا ہے۔کاٹجو نے اس فیصلے پر جرح کی اور کہا کہ جج ان کی دھمکی دے رہے ہیں اور یہ ان کیلئے عدالت عالیہ کے ایک سابق جج کے ساتھ اس طرح کا برتاؤ کرنا مناسب نہیں ہے۔جسٹس گگوئی نے عدالت کے ماحول میں جیسے ہی اپنا حکم سنایا تو کاٹجو نے کہاکہ میں اس سے ڈرتا نہیں ہوں۔مجھے دھمکی مت دیجیے۔اس پرجسٹس گگوئی نے کاٹجو کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ مجھے زیادہ اکسائیں نہیں۔اس پرکاٹجونے کہاکہ آپ اس طرح کی دھمکی دے کر مجھے بھڑکا رہے ہیں۔آپ نے مجھے یہاں آنے اور اپنی مددکرنے کی درخواست کی تھی۔اس پر جسٹس گگوئی نے کہاکہ کیا یہاں پر کوئی ہے جو جسٹس کاٹجو کو (باہر)لے جائے۔کاٹجونے پلٹ کرجواب دیا’’یہ کیسا برتاؤہے۔آپ کی درخواست پر ہی میں یہاں آیا تھا۔کیا مجھ سے پیش آنے کا یہی طریقہ ہے‘‘۔


Share: