زیورخ،10؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سوئٹرزلینڈ کے شمال مغربی شہر بازل میں ایک کیفے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ بازل شہر کے پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ گرینج کے مقامی وقت کے مطابق 20:15پر دو نامعلوم مسلح افراد کیفے 56 میں داخل ہوئے اور وہاں پر موجود افراد پر اندھا دھند گولیاں برسانے کے بعد فرار ہوگئے۔ فائرنگ کی زد میں آنے والے دو افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا ہے۔فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوں شہری کیفے کے گاہک بتائے جاتے ہیں۔ تاہم سوئس پولیس نے مقتولین اور زخمی شہری کی شناخت نہیں کی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ راہ گیروں نے بھی کیفے میں حملے کے خطرے کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
ادھر فیڈرل پراسیکیوٹر جنرل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ بازل شہر میں کیفے میں فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں تاہم اس واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور نہ ہی ملزمان کی شناخت کی جاسکی ہے۔ حملہ آور ابھی تک غائب ہیں تاہم پولیس ان کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر چھاپے مار رہی ہے۔پولیس کو ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان حملے کے بعد قریبی ریلوے اسٹیشن کی طرف فرار ہوئے ہیں۔ کیفے میں فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔خیال رہے کہ سوئٹرزلینڈ کو عموما ایک پرامن ملک خیال کیا جاتا ہے جہاں فائرنگ کے واقعات بہت کم ہوتے ہیں۔ گذشتہ برس دسمبر میں زیوریخ شہر میں ریلوے لائن کے قریب واقع ایک اسلامی مرکز اور مسجد پر فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے تھے۔