نئی دہلی، 18؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کانگریسی لیڈراور سابق مرکزی وزیر ششی تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر کی موت سے کچھ گھنٹہ قبل ان کے ساتھ ٹوئٹر پر ہوئے تنازعہ میں ملوث پاکستانی صحافی مہر ترار سے دہلی پولیس نے اس معاملے میں پوچھ گچھ کی۔ذرائع نے بتایا کہ فروری میں بھی مہرترارکی پسند کے مطابق ،نئی دہلی کے ایک بڑے ہوٹل میں ان سے پوچھ گچھ ہوئی تھی۔معاملے کی تحقیقات کر رہی خصوصی تفتیشی ٹیم(ایس آئی ٹی)نے خاتون پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں ان سے پوچھ گچھ کی۔پاکستانی شہری ہونے کی وجہ سے انہیں سمن جاری نہیں کیا جا سکا، لیکن اس سے پہلے انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس سلسلے میں تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے تیارہیں اور انہوں نے ایک سینئر افسر کو بھی خط لکھ کر یہی بات کہی تھی۔17؍جنوری 2014کو جنوبی دہلی کے ایک فائیواسٹارہوٹل کے ایک کمرے میں 51سالہ سنندا مردہ پائی گئی تھیں۔کیرالہ کے تروونت پورم سے کانگریس کے ممبرپارلیمنٹ تھرور کے ساتھ مہر کے مبینہ عشقیہ تعلقات کو لے کر ایک دن پہلے ہی ٹوئٹر پر سنندا کا مہر کے ساتھ تنازعہ ہواتھا۔ذرائع نے بتایا کہ مہر سے کانگریس لیڈر اور ان کی بیوی کے ساتھ ان کے تعلقات، ٹوئٹر پر سنندا کے ساتھ ان کی لڑائی اور سنندا کی پراسرار موت سے وابستہ دیگر امور کو لے کر پوچھ گچھ ہوئی۔اب تک انہوں نے تھرور اور سنندا دونوں کے ساتھ کسی طرح کی ذاتی قربت سے انکار کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ یہ پوچھ گچھ تقریبا دو گھنٹے جاری رہی اور مہر کو ایس آئی ٹی کی جانب سے تیار ایک سوالنامہ بھرنے کے لیے بھی کہا گیا۔