نئی دہلی28جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریسی لیڈرششی تھرورکی اہلیہ سنندا پشکر کی موت سے منسلک رپورٹ سونپنے کے لئے بنایاگیا میڈیکل بورڈ دہلی پولیس کو دی گئی رپورٹ میں کوئی بھی نتیجہ نکالنے میں ناکام رہا ہے۔میڈیکل بورڈ نے ایف بی آئی اور ایمس کی رپورٹ کا مطالعہ کرکے معاملے کی تحقیقات کر رہی ایس آئی ٹی کو یہ رپورٹ سونپی ہے۔میڈیکل بورڈ نے کہا ہے کہ سنندا کی موت پر کوئی نتیجہ نہیں نکالا جا سکا ہے۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ میڈیکل بورڈ نے ایک ماہ پہلے رپورٹ سونپی تھی اور وہ کوئی بھی فیصلہ کن نتیجہ دینے میں ناکام رہاہے ۔ہم نے انہیں یہ نتیجہ نکالنے کے لئے ایف بی آئی اور ایمس کی تحقیقات کے نتائج کا مطالعہ کرنے کے لئے کہا تھا۔میڈیکل بورڈ میں دہلی، چنڈی گڑھ اور پنڈوچیری کے ڈاکٹر تھے۔اس بورڈ کا قیام ایف بی آئی اور ایمس کی تحقیقات کے نتائج کا مطالعہ کرنے کے لئے کیا گیا تھا۔اب پولیس سنندا کے فون سے مٹائی گئی چیٹ کو واپس حاصل کرنے کا انتظار کر رہی ہے۔اس ہائی پروفائل معاملے کی تحقیقات کر رہی دہلی پولیس کی ٹیم ستمبر میں سنندا کے خون نمونے امریکہ میں مقیم ایف بی آئی لیبارٹری سے واپس لائی تھی۔دہلی پولیس نے ایف بی آئی لیباریٹری سے اس کی آخری فہرست سونپنے کے لئے کہا تھا تاکہ انہیں میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کیا جا سکے۔