ریو دی جنیریو، 2؍اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )لندن اولمپکس میں حصہ لے کر تاریخ رقم کرنے والی سعودی عرب کی خواتین رنر سارہ العطار اس بار میراتھن میں حصہ لیں گی اور ان کے علاوہ ان کے ملک کی تین دیگر کھلاڑی بھی اس بار ریو میں لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے کی کوشش کریں گی۔عطار نے لندن اولمپکس 2012میں سر سے پاؤں تک کپڑے پہن کر 800میٹر ریس میں حصہ لیا تھا اور وہ سعودی عرب کی پہلی خاتون اولمپین بنی تھیں ۔عطار اس وقت اپنی ہیٹ میں سب سے آخری نمبر پر رہی تھیں لیکن جب انہوں نے اپنی قریبی حریف سے آدھا منٹ بعد ریس مکمل کیا تھا تو لوگوں نے کھڑے ہو کر ان کو مبارک باد دی تھی ۔اس بارعطار کے علاوہ سعودی عرب کی جو دوسری کھلاڑی اولمپکس میں حصہ لے رہی ہیں ان میں جوڈو کا وجود فاہمی ، تلوارباز لبنی العمیر اور 100میٹر دوڑ کی رنر کریمان ابو الجدیل شامل ہیں۔