نئی دہلی، یکم اگست (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سعودی عرب میں بغیر کھانے پانی کے پھنسے 10 ہزار ہندوستانی مزدور وں کے سلسلے میں وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج یقین دہانی کرائی کہ حکومت نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے اور حکومت ان ہندوستانیوں کو محفوظ وطن واپس لائے گی۔سشما سوراج نے لوک سبھا میں وقفہ صفر میں اراکین کی طرف سے یہ مسئلہ اٹھائے جانے پر ایوان کو ان کی محفوظ وطن واپسی کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے کی جا رہی کوششوں کو لے کر یقینی دہانی کرائی ۔انہوں نے بتایا کہ وزیر مملکت برائے امورخارجہ جنرل(ریٹائرڈ)وی کے سنگھ سعودی عرب جا رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہاکہ حکومت نے اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے، پرسوں اس سلسلے میں مجھے اطلاع ملی اور ریاض میں واقع ہندوستانی سفارت خانے اور جدہ میں واقع قونصل جنرل سے رابطہ کرکے پانچ کیمپوں میں رہ رہے ان 10 ہزار ہندوستانیوں کو مفت راشن مہیا کرانے کی ہدایت دی گئی۔میں نے سفارت خانے کے حکام سے ہر گھنٹے اس معاملے کی رپورٹ دینے کو کہاہے ۔انہوں نے بتایاکہ آخری پیغام گزشتہ رات پونے تین بجے آیا کہ پانچوں کیمپوں میں مکمل کھانا مہیا کرایا گیا ہے اور ساتھ ہی ہفتے دس دن کا راشن دیا گیا ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ صرف کھانا مہیا کرانے سے ہی کام ختم نہیں ہو جاتا ہے، یہ ہندوستانی شہری جن کمپنیوں میں وہاں کام کرتے تھے وہ بند ہو چکی ہیں اور ان کے آجر سعودی عرب چھوڑ کر جا چکے ہیں۔سشما نے بتایا کہ ہندوستان کی حکومت نے سعودی عرب کے لیبر اور محکمہ خارجہ کی طرف سے ان ہندوستانیوں کو ہنگامی ویزا جاری کرکے وطن بھیجے جانے کی اپیل کی تھی لیکن وہاں کے قانون کے مطابق اس کے لیے ان ہندوستانیوں کو آجر کمپنیوں سے نان آبجکشن سرٹیفکیٹ لینا پڑے گا لیکن کمپنیاں تو پہلے ہی ملک چھوڑ کر جا چکی ہیں اور ان ہندوستانیوں کی تنخواہ کا بقایہ بھی واجب الادا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ایسی صورت حال میں وہاں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو نکالنے کے لیے ایک معاہدہ پر دستخط کرنے کی بات کہی گئی ہے جس کے مطابق سعودی عرب کی حکومت جب بھی ان کمپنیوں کے ساتھ معاملے کو نپٹائے تو ہندوستانیوں کی بقایہ تنخواہ پہلے دی جائے۔سشما نے ساتھ ہی یقین دلایاکہ ہم ان ہندوستانیوں کو وطن واپس لے کر آئیں گے، پہلے میں ٹوئٹر کے ذریعے اور اب میں ایوان کے توسط سے کہنا چاہتی ہوں کہ ہمارا ایک بھی مزدور بھوکا نہیں رہے گااور محفوظ واپس آئے گا۔اس سے قبل صدر سمترا مہاجن نے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے مطالبہ کو لے کر صبح سے نعرے بازی کر رہے تیلگو دیشم پارٹی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے اراکین سے وزیر خارجہ کے بیان اور اس مسئلے کی سنگینی کو سمجھنے کی اپیل کی۔صدر نے کہاکہ 10 ہزار سے زیادہ لوگ پھنسے ہوئے ہیں، آپ کے اپنے لوگ ہیں، یہ بہت اہم بات پر بیان ہو رہا ہے، آپ آپس میں مت لڑئیے ۔انہوں نے کہاکہ وزیر بیان دے رہی ہیں اور آپ سننا بھی نہیں چاہتے ہیں ۔اس سے پہلے کانگریس کے کے وی تھامس نے وقفہ صفر میں یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ 10 ہزار ہندوستانی سعودی عرب میں پھنسے ہوئے ہیں اور بغیر کھانے پانی کے وہ بھوکے مر رہے ہیں، انہوں نے اس معاملے میں حکومت سے فوری طور پر اقدامات کرنے کی اپیل کی۔کئی دوسرے اراکین نے بھی تھامس کی تائید کی ۔