لکھنؤ: یکم/ مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) تیل کے کھیل میں ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے۔چپ کے استعمال کے ذریعے کم تیل دینے کے کھیل کو لے کر مسلسل چھاپہ ماری چل رہی ہے۔اسی چھاپہ ماری کے دوران چونکانے والی بات سامنے آئی ہے۔اب اس پورے معاملے میں محکمہ ء ناپ تول کی ملی بھگت کے اشارے مل رہے ہیں۔یوپی اے ٹی ایس اس معاملے کی جانچ میں لگی ہے۔ساتھ ہی تیل کے ٹینکروں میں بھی چوری والی چپ لگے ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔جب اے ٹی ایس کے افسر لکھنؤ کے گومتی نگر میں ستیم پٹرول پمپ پر پہنچے،تو وہاں پر چھاپہ ماری سے بچنے کے لیے پٹرول پمپ پر چپ والی مشین کو ہٹا کر نئی مشین لگانے کی تیاری چل رہی تھی۔نئی مشین لگانے کے لیے پہلے تیل کمپنی سے اجازت لینی ہوتی ہے، اس کے بعد ناپ تول محکمہ کی منظوری ملتی ہے، اس کے بعد ہی نئی مشین لگائی جا سکتی ہے، جبکہ بغیر تیل کمپنی کی اجازت کے ہی مشین تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی، صرف ناپ تول محکمہ سے ہی اس کے لیے منظوری لی گئی تھی۔اب اس اندیشہ کااظہار کیا جا رہا ہے کہ محکمہ ناپ تول کے افسران بھی اس کھیل میں شامل ہیں، اس دوران تیل کے ٹینکر وں میں بھی گڑبڑی کی خبر ملی ہے۔