سرسی 8مارچ (ایس او نیوز) اتوار کی شب میں سرسی شہر کے آئی سی آئی سی آئی بینک کے اے ٹی ایم سے رقم اڑالے جانے کاجو واقعہ پیش آیا تھا، اس میں شامل لوگوں کی تصویریں سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی ہیں۔لیکن اس میں لٹیروں نے چہرے پر نقاب اوڑھی ہوئی ہے اورسر پر کیپ پہن رکھی ہے۔ بس آنکھیں نظر آتی ہیں جس سے لگتا ہے کہ یہ نوجوان لٹیرے ہیں۔ پولیس کو امید ہے کہ وہ اس فوٹیج کی مدد سے ملزمین کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگی۔
خیال رہے کہ سرسی میں اے ٹی ایم سے رقم چرانے کی واردات پہلی مرتبہ پیش آئی ہے۔ جس میں لٹیروں نے 13لاکھ روپے اڑا لئے ہیں۔جبکہ دو اور مقامات پر یہ لٹیرے اپنی واردات انجام دینے میں ناکام ہوگئے تھے۔آئی سی آئی سی آئی بینک کا مذکورہ اے ٹی ایم بوتھ شہر کے قلب میں اشوینی سرکل کے پاس واقع ہے۔ اور جس انداز سے گیس کٹر کے ذریعے اے ٹی ایم مشین کو کاٹ کر یہاں ڈاکہ زنی کی گئی ہے ، اسے دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ اس واردات میں پیشہ ور لٹیروں کا ہاتھ ہے۔
ضلع ایس پی نے جائے واردات پرپہنچ کر حالات کا جائزہ لیااور تحقیقات کے لئے تین ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے ان کی رہنمائی کی ہیں۔