بنگلورو:3/اپریل(ایس او نیوز)چکبالاپور، کولار سمیت ریاست کے سرحدی علاقوں کو پینے کے پانی کی مستقل سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کنڑا اوکوٹا نے مئی کے دوسرے ہفتے میں کرناٹک بند منانے کا اعلان کیا ہے۔ اوکوٹا کے صدر واٹال ناگراج نے آج ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چکبالاپور، کولار، ٹمکور، چترادرگہ، داونگیرے اور آس پاس کے علاقوں کو پینے کے پانی اور آبپاشی کی مستقل سہولت مہیا کرانے کیلئے حکومت کو آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہادائی کلسا بنڈوری معاملے کو سلجھانے کیلئے وزیراعظم مودی فوراً مداخلت کریں، انہوں نے کہا کہ مستقل پانی کی سہولت کامطالبہ کرتے ہوئے چکبالاپور، کولار اور دیگر علاقوں کے رعیت مسلسل احتجاج کررہے ہیں، لیکن ریاستی حکومت اس پر توجہ نہیں دے رہی ہے، میکے ڈاٹ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی طرف حکومت کی عدم دلچسپی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کو فوراً مکمل کرنے کا حکومت کو ٹھوس اقدام کرنا چاہئے۔ ان تمام مطالبات پر زور دینے کیلئے کنڑا اووکوٹا کی طرف سے بنگلور سے چکبالاپور اور کولار ضلع تک پدیاترا کا اہتمام ہوگا، ریل روکو احتجاجات کئے جائیں گے اور مئی کے دوسرے ہفتے میں اس مسئلے پر حکومت کو متوجہ کرانے کیلئے کرناٹک بند منایا جائے گا۔ مرکزی حکومت کی طرف سے ٹرکوں کے تھرڈ پارٹی پریمیم میں بے تحاشہ اضافہ کی مذمت کرتے ہوئے واٹال ناگراج نے کہاکہ اوکوٹا کی طرف سے ٹرک مالکوں کی ہڑتال کو بھرپور حمایت حاصل رہے گی، اس موقع پر شیورامے گوڈا، پروین کمار شٹی، کے آر منجوناتھ، گریش گوڈا وغیرہ موجود تھے۔