نئی دہلی، 19؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی سے استعفیٰ دے چکے نوجوت سنگھ سدھو کے عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے کے امکان کو لے کر قیاس آرائیوں پربریک لگانے کی کوشش کرتے ہوئے دہلی کے وزیراعلیٰ اروندکجریوال نے کہا ہے کہ سدھو نے کوئی پیشگی شرط نہیں رکھی ہے،صرف انہیں سوچنے کے لیے کچھ وقت چاہیے ۔کیجریوال نے کہا کہ گذشتہ جمعہ کو سدھو نے ان سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی تھی۔کیجریوال نے کہا ہے کہ سدھو کے لیے ان کے دل میں عزت برقرار رہے گی ، چاہے وہ آپ میں شامل ہوں یا نہ ہوں۔اس سے پہلے آپ لیڈر اور دہلی کے وزیراعلیٰ کیجریوال نے کہاتھاکہ پنجاب میں سدھو کے پارٹی کا چہرہ بننے کی قیاس آرائی فی الحال قبل از وقت ہے ۔کیجریوال نے کہاکہ کیانوجوت سنگھ سدھو آپ میں شامل ہو رہے ہیں ؟۔اس کو لے کئی طرح کی قیاس آرائیاں چل رہی ہیں؟۔ اپنی بات سامنے رکھنا میرا فرض ہے۔کرکٹ کے اس عظیم کھلاڑی کے لیے ہمارے دل میں بہت عزت ہے۔گزشتہ ہفتے ہی ہماری ملاقات ہوئی تھی۔کیجریوال نے سلسلہ وار ٹوئٹ میں کہاکہ انہوں نے کوئی پیشگی شرط نہیں رکھی ہے، حالانکہ انہیں سوچنے کے لیے وقت چاہیے، ہمیں اس کا احترام کرنا چاہیے ، وہ بہت اچھے انسان اور عظیم کرکٹ کھلاڑی ہیں۔چاہے وہ آپ میں شامل ہو یا نہ ہوں لیکن میں ان کا احترام کرتا رہوں گا۔گزشتہ ماہ 52سالہ سدھو نے بی جے پی کی راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفی دے دیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ پارٹی انہیں پنجاب سے دور رکھنا چاہتی ہے۔اس کے بعد ان کے آپ میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں زورپکڑنے لگی تھیں ۔اس وقت آپ نے کہا تھا کہ انہیں پارٹی میں شامل کرنے کی کوئی شرط نہیں ہوگی،یہ بھی کہا گیا تھا کہ آپ کا قانون ایک ہی خاندان کے دو ارکان کو ٹکٹ دینے کی اجازت نہیں دیتا۔