ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / سدرامیا بلاری میں تین نئے تعلقہ جات کا اعلان کریں گے: سنتوش لاڈ

سدرامیا بلاری میں تین نئے تعلقہ جات کا اعلان کریں گے: سنتوش لاڈ

Tue, 01 Aug 2017 23:32:52    S.O. News Service

بنگلورو:یکم /اگست(ایس او نیوز) ریاستی وزیر محنت سنتوش لاڈ نے جو بلاری ضلع کے انچارج وزیر بھی ہیں، کہا کہ وزیراعلیٰ سدرامیا کی طرف سے عنقریب بلاری ضلع کے تین نئے تعلقہ جات کا اعلان کیا جائے گا اور ان تعلقہ جات کی ہمہ جہت ترقی کیلئے وافر فنڈ کا اعلان کیا جائے گا۔ آج بلاری میں اخباری نمائندوں سے با ت چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 12 اگست کو سدرامیا اپنے دورۂ بلاری کے مرحلے میں غالباً نئے تعلقہ جات کے قیام کا اعلان کریں گے اور مختلف ترقیاتی کام جو دس ہزار کروڑ روپیوں کی لاگت پر شروع کئے گئے ہیں ان کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بلاری میں دس ہزار سے زائد غریب خاندانوں کیلئے مکانات کی تعمیر کا سلسلہ شروع ہورہاہے، پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں ہاؤزنگ اسکیموں کے تحت مکانات کی تعمیر کروائی جارہی ہے، جس کیلئے سدرامیا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری اسکیموں کے تحت نچلی اور اوپری منزلوں پر مشتمل مکانات جلد ہی مہیا کرائے جائیں گے۔ ان اسکیموں کے تحت منتخب امیدواروں کی فہرست ضلع کے ڈپٹی کمشنر کے پاس موجود ہے ۔انتہائی شفافیت کے ساتھ مکان حاصل کرنے والوں کا قرعہ کیا جائے گا۔ مسٹر سنتوش لاڈ نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا بلاری میں نئے 94ٹی سی پراجکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دیہی روزگار ضمانت اسکیم کے نفاذ کے معاملے میں بلاری ملک کے تمام اضلاع کے مقابلے سر فہرست آیا ہے، اسی طرح سکالا اسکیم کے تحت سرکاری کام کاج کی تکمیل کے معاملے میں بھی بلاری سر فہرست ہے۔ ضلع پنچایت سی ای او تمام پنچایت عہدیداروں اور منتخب نمائندوں کے تعاون کے نتیجہ میں یہ ممکن ہوپایا ہے۔ سنتوش لاڈ نے کہاکہ بلاری ضلع کے تین نئے تعلقہ جات کی تشکیل عنقریب عمل میں آئے گی۔ اس سلسلے میں بھی وزیر اعلیٰ سدرامیا کی طرف سے اعلان متوقع ہے۔ 


Share: