بنگلور:15/مارچ (ایس او نیوز)سابق ریاستی وزیر اور رکن اسمبلی بی زیڈ ضمیر احمد خان نے آج وزیر اعلیٰ سدارامیا کی طرف سے اسمبلی میں پیش کئے گئے بجٹ کی بھرپور ستائش کی۔ بجٹ اجلاس کے دوران بجٹ تجاویز پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کیلئے 2750 کروڑ روپیوں کے بجٹ کا تعین ایک قابل مبارکباد اقدام ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے شہر بنگلورو میں 20 کروڑ روپیوں کی لاگت سے مولانا ابوالکلام آزاد بھون بشمول اردو کنونشن ہال تعمیر کرنے کا جو اعلان کیا گیا ہے وہ ایک دیرینہ خواب کی تکمیل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جلد از جلد اس کیلئے جگہ کی نشاندہی کرتے ہوئے اس ہال کی تعمیر ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈراپ آؤٹ طلباء کیلئے مولانا ابوالکلام آزاد اسکولوں کی تعمیر کا اعلان بھی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سدارامیا حکومت کی طرف سے مجموعی طور پر اقلیتوں کی فلاح کیلئے جو بجٹ پیش کیاگیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔