نئی دہلی، 22/مارچ(آئی این ایس انڈیا)
کامیڈین اور اداکار کپل شرما آج کل کچھ غلط وجوہات سے شہ سرخیوں میں ہیں اور ان کے پرانے دوستوں اور ساتھی فنکاروں سے جھگڑا اور بدتمیزی کرنے کی خبریں ہر طرف چھائی ہوئی ہیں، ابھی کپل شرما کا نام اس خبر میں بھی آ رہا ہے لیکن ایک اچھی وجہ سے، جس سے ان کی کامیابی کا ثبوت ملتا ہے۔ اس سال کپل شرما نے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں عامر خان، رنبیر کپور، کرن جوہر، دیپکا پڈوکون اور کرینہ کپور جیسی شخصیات سے بھی زیادہ ایڈوانس ٹیکس جمع کروایا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2016-17 کے لئے ایڈوانس ٹیکس جمع کروانے والوں کی فہرست کے ٹاپ 10اسٹار میں کپل شرما کے علاوہ عالیہ بھٹ نے بھی جگہ بنائی ہے لیکن وہ فہرست میں نویں نمبر پر ہیں جبکہ کپل شرما چوتھے نمبر پر ہیں اور بالی ووڈ کے ”دبنگ“ سلمان خان اس سال بھی ایڈوانس ٹیکس ادا کرنے والی مقبول شخصیت ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق کپل شرما نے 23.9 کروڑ روپے کا ایڈوانس ٹیکس جمع کیا ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں ٹیکس کی رقم میں 241 فیصد کا اضافہ ہوا ہے کیونکہ کپل نے گزشتہ سال سات کروڑ روپے ایڈوانس ٹیکس جمع کیا تھا۔
فلم ساز اور ہدایت کار کرن جوہر نے اس سال 11.7 کروڑ روپے کا ٹیکس جمع کیا ہے، جبکہ گزشتہ سال انہوں نے دو کروڑ روپے جمع کئے تھے۔ ان کے علاوہ عالیہ بھٹ نے اس سال 4.33 کروڑ روپے کا ایڈوانس ٹیکس جمع کیا۔سلمان خان 44.5 کروڑ روپے کا ایڈوانس ٹیکس جمع کرواکر اس فہرست میں سب سے اوپر بنے ہوئے ہیں، اور اکشے کمار 29.5 کروڑ روپے کے ایڈوانس ٹیکس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔ تیسرے نمبر پر رتیک روشن قابض ہیں جنہوں نے اس سال 25.5 کروڑ روپے کا ایڈوانس ٹیکس جمع کروایا۔فہرست میں رنبیر کپور پانچویں، عامر خان چھٹے، کرن جوہر ساتویں نمبر پر ہیں جبکہ آٹھویں، نویں اور 10 ویں مقام پر اداکارائیں قابض ہیں جو بالترتیب دیپکا پڈوکون، عالیہ بھٹ اور کرینہ کپور ہیں۔