بنگلورو:16/مئی(ایس او نیوز) شہر کی 50 سڑکوں کو 700کروڑ روپیوں کی لاگت پر ٹنڈر شورمنصوبہ کے تحت ماڈل سڑکوں میں تبدیل کیا جائے گا۔ یہ اعلان آج وزیراعلیٰ سدرامیا نے کیا۔شہر کے ایم جی روڈجنکشن پر ٹنڈر شور منصوبہ کے تحت تیار شدہ پہلے اور دوسرے مرحلوں کی سڑکوں کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کو یہ ہدایت دی جاچکی ہے کہ اس منصوبے کے تحت شہر کی چند اور اہم سڑکوں کی نشاندہی کرکے کام تیزی سے شروع کیا جائے۔ نگر وتھانہ منصوبے کے تحت ٹنڈر شور طرز پر تیار کی گئیں چھ سڑکیں عوام کیلئے کھول دی گئی ہیں۔ دسمبر کے اختتام تک مزید پانچ سڑکوں کا کام مکمل کرنے کی وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی۔
انہوں نے کہاکہ شہر کی سڑکوں کو بہترین معیار کی بنانے کیلئے بی بی ایم پی 50 سڑکوں کی نشاندہی کرے اور ان تمام سڑکوں کو بین الاقوامی معیار کا بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بجٹ میں معلنہ چھ سڑکیں ایم سی مودی روڈ، سدیا پرانک روڈ، جئے نگر گیارھواں مین روڈ دسمبر تک مکمل ہوجائے گا۔ ٹنڈر شور کے تیسرے مرحلے میں دو سو کروڑ روپیوں کی لاگت پر تیرہ سڑکوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں ٹیلی کام، کے ای بی، واٹر بورڈ اور دیگر اداروں کی طرف سے بارہا سڑکوں کی کھدائی کرکے انہیں برباد کیاجارہا تھا اور لوگ ان اداروں کی بجائے حکومت کو خراب سڑکوں کیلئے کوستے رہے ہیں۔اس سلسلے کو ختم کرنے کیلئے ٹنڈر شور منصوبہ اپنایا گیا اور بین الاقوامی طرز پر سڑکوں کی دیکھ بھال اور مرمت کا سلسلہ شروع ہوگا۔اس منصوبے کے تحت اچھی سڑکوں کے ساتھ عمدہ معیاری فٹ پاتھ بھی مہیا کرائے گئے ہیں،تاکہ راہگیروں کو بھی یہاں سے گزرنے کا ایک اچھا تجربہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شکایات موصول ہورہی ہیں کہ ٹنڈر شور کے کاموں میں غیر معمولی تاخیر ہورہی ہے۔ آنے والے دنوں میں ایسی کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور وقت مقررہ میں کام کو مکمل کرنے کی سخت ہدایت دی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو سہل بنانے اور عوام کو بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات مہیا کرانے کیلئے تین ہزار بی ایم ٹی سی بسیں خریدی گئی ہیں۔انہوں نے بی بی ایم پی کی آمدنی میں کمی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اسے بڑھانے کی طرف توجہ دی جانی چاہئے۔ شہر میں روزانہ چار ہزار ٹن سے زیادہ کچرے کی نکاسی کی جاتی ہے۔ان کی پروسیسنگ کیلئے سات یونٹیں قائم کی گئی ہیں۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی این اے حارث نے کلیدی خطبہ دیا۔وزیراعلیٰ کے ہمراہ ریاستی وزراء جناب روشن بیگ، کے جے جارج، رام لنگا ریڈی، ایم کرشنپا، میئر پدماوتی، ڈپٹی میئر آنند اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ ٹنڈر شور منصوبے کے تحت سڑکوں کا افتتاح کرنے کے بعد وزیراعلیٰ نے تیار شدہ سڑکوں کا بذات خود معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ کی ہوم آفس کرشنا سے نکلیں دو بسوں کے قافلے میں سدرامیا کے ہمراہ وزراء، اعلیٰ افسران اور میڈیا کی ٹیم موجودرہی۔ نروپتنگا روڈ پر وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کچھ دور تک پیدل سڑک کا معائنہ کیا۔ بعد میں سدرامیا نے برگیڈ روڈ کے قریب جلسہ میں حصہ لیا۔