ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سابق ہندوستانی کرکٹ کپتان اظہرالدین کی سالگرہ پرخصوصی

سابق ہندوستانی کرکٹ کپتان اظہرالدین کی سالگرہ پرخصوصی

Thu, 09 Feb 2017 12:11:35    S.O. News Service

جب اظہر نے لانس کلوزنر کی پانچ گیندوں پر مارے مسلسل پانچ چوکے، ٹالاتھا فالو آن کاخطرہ
حیدرآباد،8؍فروری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا) بدھ (8فروری) کو کرکٹ کے شائقین کے درمیان ’’کلائی کے جادوگر‘‘کے نام سے مشہور محمد اظہر الدین کی 54 واں سالگرہ ہے۔8 فروری 1963 کو حیدرآباد میں پیدا ہوئے اظہر کوہندوستان کے سب سے زیادہ کامیاب کپتانوں اور بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ کرکٹ میں میچ فکسنگ سے جڑے معاملے میں نام سامنے آنے پر ان کے کیریئر پر داغ بھی لگا۔ کرکٹ سے سیاست میں اترے اظہر یوپی کے مراد آباد سے ممبر پارلیمنٹ بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی سالگرہ پر فنکارانہ کرکٹ کے لیے ہم ایک ایسے میچ کی یاد دلائیں گے جس اظہر نے کتاب اور غیر کتابی شاٹ لگا کر نہ صرف ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کو بحران سے نکالا بلکہ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے جنوبی افریقہ بولر اور آل راؤنڈر لانس کلوجنر کو دن میں تارے دکھا دئے تھے۔ہندوستان بھلے ہی وہ ٹیسٹ ہار گیا ہو لیکن اظہر کی 74 گیندوں پر لگائی شاندار سنچری آج بھی یاد ہے۔

1996 میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ہینسی کروجے کی قیادت میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے ہندوستان آئی تھی۔ وہیں ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کی کپتان اظہر سے لے کر سچن تندولکر کو سونپی گئی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان احمد آباد میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ہندوستان نے 64 رنز سے جیت لیا تھا۔ کولکاتہ کے ایڈن گارڈن میں ہوئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم پر سیریز بچانے کا دباؤ تھا۔ اس ٹیسٹ سیریز سے پہلے ہندوستان انگلینڈ کے دورے میں ہار چکا تھا۔ اس کی قیمت انہیں کپتانی کے نقصان پر چکانی پڑی تھی، بلے بازی میں بھی وہ آؤٹ آف فارم تھے۔ اظہر نے پچھلے پانچ ٹیسٹ میچوں میں 17.37 کے اوسط سے کل 139 رنز بنائے تھے۔ ایڈن گارڈن میدان پر اظہر نے ٹیسٹ میچوں میں کافی اچھا کیا۔ اس ٹیسٹ میچ سے پہلے ایڈن گارڈن پر اظہر 110، 141، 60، 182 رنز کی ٹیسٹ اننگز کھیل چکے تھے۔

سیریز بچانے کے لئے اتری افریقی ٹیم نے اینڈریو کٹسن اور گیری کرسٹن کی سنچری اننگز کی مدد سے 428 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کر دیا، دونوں نے پہلے وکٹ لئے 236 رنز کی ریکارڈ اننگز کھیلی تھی، بڑے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ نین مونگیا اور راہل دراوڑ کی سلامی جوڑی 71 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس جا چکی تھی۔ سچن تندولکر اور سورو گنگولی بھی نہیں چلے۔ طویل عرصے بعد اپنے عزیز میدان پر اترے اظہر ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار 6 رن کے ذاتی اسکور پر زخمی ہوکر پویلین واپس جا چکے تھے۔

ہندوستانی ٹیم 161 رنز پر سات وکٹ کھو چکی تھی۔ ساتویں وکٹ کے طور پر گیند باز جواگل سری ناتھ آؤٹ ہو چکے تھے۔ وہیں اسپن گیدباد انل کمبلے فالو آن بچانے کے لئے سخت جدوجہد کر رہے تھے۔ہندوستانی ٹیم میں زخمی اظہر، گیندبازوینکٹیش پرساد اور نر نریندر ہروانی کا وکٹ بچا تھا۔ سری ناتھ کے آؤٹ ہونے کے بعد اظہر واپس بلے بازی کرنے آئے۔ہندوستانی ٹیم کے لئے فالو آن بچانے کی ساری امیدیں کمبلے اور اظہر پر ٹکی تھیں۔ پرساد اورہروانی کے وکٹ جنوبی افریقہ کی قاتل دھاردار بولنگ کے سامنے کتنے دیر ٹکیں گے اسے لے کر شاید ہی کسی کو کوئی الجھن رہی ہوگی۔تیز گیند باز اینل ڈونالڈ میچ میں پورے فارم میں تھے، اونچی آتی گیند سے زخمی ہوئے اظہر کو ڈرانے کے لئے جنوبی افریقی کپتان نے ان کے آتے ہی ڈونالڈ کو گیند تھما دی۔ افریقی ٹیم کی حکمت عملی صاف تھی، وہ اظہر کو چہرے تک آتی گیندیں کھلا کر ڈرانا چاہتے تھے لیکن دوبارہ پچ پر اترے اظہر کا مزاج بھی بدل چکا تھا۔ ڈونالڈ کے اوور میں اظہر نے باؤنسر گیند پر چوکا مار کر اپنا ارادہ جتا دیا۔ اظہر اور کمبلے نے ہندوستان کا اسکور سات وکٹ پر 200 رنز پہنچا دیا۔ہندوستانی ٹیم کو فالو آن بچانے کے لئے 29 رنز کی اور ضرورت تھی۔ اظہر کی نگاہیں جمتی نظر آ رہی تھیں۔ تبھی افریقی ٹیم نے انہیں چونکانے کے لئے پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے لانس کلوجنر گیند تھمادی۔ اظہر نے کلوجنر کی پہلی پانچوں گیندوں پر مسلسل پانچ چوکے جماکر دکھا دیا کہ افریقی ٹیم نے انہیں نظر اندازکرکے غلطی کی۔ ہندوستانی ٹیم فالو آن بچانے کے لئے ضروری 29 رنز میں سے 20 رنز بنا لئے تھے۔ کمبلے نے بھی اظہر کی دکھائی راہ پر چلتے ہوئے اگلے اوور میں ڈونلڈ کی پہلی دونوں گیندوں پر چوکے لگا کر ہندوستان کو بحران سے نکال لیا۔میچ میں اظہر نے 35 گیندوں پر نصف سنچری اور 74 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ اظہر 109 رنز کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو 322 ہو چکا تھا۔ اظہر نے اپنی اننگز میں 18 چوکے اور ایک چھکا مارا تھا۔ اظہر کے جاتے ہی ہندوستان کے باقی بچے دونوں وکٹ 329 پر پانچ رنز کے اندر گر گئے۔


Share: