ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / روشن بیگ اتفاق رائے سے ریاستی حج کمیٹی کے چیرمین منتخب، ریاست کے حج کوٹے کو بڑھانے کی جدوجہد کی جائے گی: وزیر حج کا اعلان

روشن بیگ اتفاق رائے سے ریاستی حج کمیٹی کے چیرمین منتخب، ریاست کے حج کوٹے کو بڑھانے کی جدوجہد کی جائے گی: وزیر حج کا اعلان

Sat, 11 Feb 2017 10:41:29    S.O. News Service

بنگلورو،10؍فروری(ایس او نیوز) کرناٹک کی نو تشکیل شدہ حج کمیٹی کے پہلے اجلاس میں آج اتفاق رائے سے ریاستی وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ کو کرناٹکا اسٹیٹ حج کمیٹی چیرمین کی حیثیت سے منتخب کیا گیا۔ حج کمیٹی کے دفتر سعادت حج ہاؤز میں منعقدہ میٹنگ میں حج کمیٹی کیلئے نامزدشدہ تمام نئے ممبران نے اتفاق رائے سے وزیر موصوف کو چیرمین منتخب کیا۔ ریاستی محکمۂ اقلیتی بہبود ،اوقاف وحج کے سکریٹری محمد محسن نے باضابطہ جناب روشن بیگ کے چیرمین کے طور پر انتخاب کا اعلان کیا۔آج کی میٹنگ میں جناب روشن بیگ کے علاوہ حج کمیٹی کیلئے نامزد ممبران، رکن پارلیمان وسابق مرکزی وزیر ڈاکٹر کے رحمن خان، رکن کونسل عبدالجبار، مولانا محمد حنیف افسر عزیزی ، مولانا ابوبکر ، محمد ضمیر شاہ کارپوریٹر ایس کے گارڈن ، سہیل بیگ کارپوریٹر میسور، سید وحید اڈو کارپوریٹر شیموگہ ، محترمہ بلقیس بانو سابق چیرمین ریاستی اقلیتی کمیشن ، محمد ثناء اﷲ ، سید ارشد حاضر رہے۔ ان تمام ممبران کی حج کمیٹی کے ایگزی کیٹیو آفیسر سرفراز خان نے پہلی میٹنگ میں گلپوشی کی، میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے چیرمین کی حیثیت سے انہیں منتخب کرنے پر تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ امور حج سے انہیں شروع سے ہی کافی دلچسپی رہی ہے۔ 1996 میں پہلی بار بنگلور ملک کے چار میٹرو شہروں ، دہلی ، ممبئی ، کلکتہ اور چنئی کے بعد پانچواں شہر بنا جہاں سے حجاج کرام کیلئے راست پروازوں کا سلسلہ شروع ہوا۔اس وقت سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر وزیر شہری ہوا بازی جناب غلام نبی آزاد نے بنگلور سے حج پروازوں کی شروعات میں ان کا بھرپور تعاون کیا، جس کے ساتھ ہی شہر بنگلور اور ریاست کے مختلف حصوں کے اداروں ، انجمنوں اور ہزاروں کی تعداد میں رضاکاروں نے جہاں حاجیوں کی خدمت کا سلسلہ شروع کیا وہیں سے بنگلور کا منفرد حج کیمپ بھی شروع ہوا۔ جس کا سلسلہ گزشتہ 21؍ سالوں سے برقرار ہے ، 20 سال تک یہ سلسلہ عارضی حج کیمپوں میں چل رہاتھا اور اس مرتبہ پہلی بار 2016کے عازمین حج ، حج ہاؤز کی عالیشان عمارت سے سوئے حرم روانہ ہوئے۔ جناب روشن بیگ نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ کرناٹک کا حج ہاؤز سارے ملک میں اپنی انفرادیت اور شان وشوکت کا حامل ہے۔ ان کی یہی کوشش ہے کہ حج ہاؤز کا استعمال سال بھر ہوتارہے۔ جناب روشن بیگ نے بتایا کہ حج ہاؤز میں داخلی سجاوٹ اور تکمیلی مراحل کے کاموں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ حج ہاؤز کو موثر طور پر استعمال کرنے کے سلسلے میں آنے والے دنوں میں حج کمیٹی کے ممبران جناب رحمن خان اور دیگر تمام کے مشوروں کے مطابق وہ کام کریں گے۔ جناب روشن بیگ نے کہاکہ ہمیشہ سے وہ اسی جدوجہد میں رہے ہیں کہ ہندوستان سے جانے والے تمام حجاج کرام کو کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ حج کیمپ میں امیگریشن اور کسٹمس کے انتظامات کو ساری دنیا کیلئے منفرد قرار دیتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہاکہ شاید مسلم ممالک میں بھی امیگریشن اور کسٹم حکام ایرپورٹ سے باہر آکر کام نہیں کرتے، لیکن کرناٹک میں حجاج کرام کی خدمت کے جذبے کے ساتھ جو جدوجہد کی جاتی ہے اس میں امیگریشن اور کسٹم کے حکام بھی عارضی حج کیمپوں میں پہنچ کر عازمین کو امیگریشن اور کسٹم کلیرنس دیتے ہیں۔ امسال حج کوٹے کے متعلق ایک سوال پر جناب روشن بیگ نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ کرناٹک کو زیادہ سے زیادہ حج کوٹہ ملے، حج فلائٹس کے متعلق انہوں نے بتایاکہ پچھلی مرتبہ ایر انڈیا کے ذریعہ کرناٹک کے حجاج کرام روانہ ہوئے ، خاص طور پر بنگلور سے روانہ ہونے والے قافلوں کا سفر بہت ہی آسان اور آرام دہ رہا۔ ایر انڈیا کی تمام فلائٹس بروقت رہیں ، بلکہ دو فلائٹوں نے مقررہ وقت سے دس منٹ پہلے اڑان بھری ، اور آمد کا سلسلہ بھی اسی طرح رہا۔ لگیج ہینڈلنگ میں بھی ایرانڈیا کے عملے نے بھرپور تعاون دیا۔ حج ہاؤز کے تعلیمی اغراض سے متعلق استعمال کے سلسلہ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہاکہ کمیٹی کے ممبران سے مشورہ کرکے اس ضمن میں بھی پہل کی جائے گی۔حالانکہ انہوں نے ہمیشہ سے یہ خواہش ظاہر کی ہے کہ مسابقتی امتحانات، سی ای ٹی وغیرہ کیلئے ملک کے مختلف حصوں سے بنگلور کا رخ کرنے والے طلبا کیلئے یہاں ٹھہرنے کا انتظام حج ہاؤز کے تہہ خانے میں مفت کیا جائے۔ اس سلسلے میں تمام ممبروں سے مشورہ کرنے کے بعد کارروائی کی جائے گی ۔ جناب روشن بیگ نے کہاکہ آنے والے دنوں میں حج کمیٹی کی میٹنگ نئے حج ہاؤز میں طلب کی جائے گی اور وہاں حج ہاؤز کو بہتر سے بہتر استعمال میں لانے کے متعلق مشورے ہوں گے۔اس دوران جناب روشن بیگ نے بتایاکہ اس مرتبہ حج کیلئے درخواست دینے والوں میں 70سال سے زائد عمر کے876شامل ہیں ۔چوتھی مرتبہ درخواست دینے والوں میں 1879عازمین کے ساتھ نئے درخواست گزاروں کی تعداد 21728 ہے۔ اس طرح جملہ 24483 درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔


Share: