ماسکویکم مارچ(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)روس میں انسانی حقوق کی معروف کارکن اور خاتون صحافی سویا سویتووا کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد سویتووا نے کہا کہ پولیس اہلکار کئی گھنٹوں تک ان کی گھر کی تلاشی لیتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انہیں خوفزدہ کرنے کی ایک کوشش تھی۔ ستاون سالہ سویتووا کا شمار روسی حکومت کی ناقد ملک کی معروف ترین میڈیا شخصیات میں ہوتا ہے۔ وہ روسی جیلوں کے نظام پر رپورٹنگ کرتی ہیں اور قیدیوں کے انٹرویو بھی شائع کرتی ہیں۔ ساتھ ہی وہ تشدد کا نشانہ بنائے جانے والے قیدیوں کی روداد بھی منظر عام پر لاتی ہیں۔