نئی دہلی، 25؍اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)راہل گاندھی کی طرف سے سپریم کورٹ کو یہ بتائے جانے کے بعد کہ انہوں نے مہاتما گاندھی کے قتل کے لیے آر ایس ایس پر کبھی بھی الزام نہیں لگایا ہے، مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کو عقل آ ہی گئی۔انہوں نے کہا کہ حالانکہ یہ ان کااپنی بات سے پلٹنا ہے لیکن انہوں نے اچھی پلٹی ماری ہے۔نائیڈو نے سنگھ کو محب وطن تنظیم قراردیا جو کبھی بھی اور کہیں بھی اپنی خدمات دینے کے لیے تیار رہتی ہے۔نائیڈو نے ٹوئٹ کرکے کہاکہ چلئے اچھا ہے، راہل گاندھی نے آخر کار سپریم کورٹ کے سامنے یہ تسلیم کر لیا کہ سنگھ مہاتما گاندھی کے قتل کا مجرم نہیں ہے۔انہوں نے آگے لکھاکہ ان کو عقل آگئی ، بھلے ہی یہ بات سے پلٹنا ہے لیکن اس طرح پلٹنا بھی اچھا ہے۔سنگھ ایک محب وطن تنظیم ہے اور سنگھ کا مطلب ہے کہیں بھی خدمات کے لیے تیاررہنا ۔واضح رہے کہ راہل نے کل سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ مہاتما گاندھی کے قتل کے لیے انہوں نے ایک تنظیم کے طور پر سنگھ کو کبھی بھی مجرم نہیں ٹھہرایا ہے ،حالانکہ انہوں نے یہ ضرور کہا تھا کہ سنگھ سے وابستہ ایک شخص گاندھی کے قتل کا ذمہ دار ہے۔راہل کے عدالت میں دیئے گئے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر نائیڈو نے کل کہا تھاکہ میں امید کرتا ہوں کہ ان کے اور دوسرے لوگوں کو یہ عقل آ جائے کہ کسی بھی قوم پرست تنظیم کے خلاف اس طرح کے اشتعال انگیز تبصرے نہیں کرنے چاہیے ۔