ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / رام کا مجسمہ تعمیر کرنے کے اعلان کے بعدیوگی حکومت نے کیا اب رام لیلا میدانوں کی چہاردیواری تعمیر کرنے کا اعلان، اپوزیشن کی تنقید

رام کا مجسمہ تعمیر کرنے کے اعلان کے بعدیوگی حکومت نے کیا اب رام لیلا میدانوں کی چہاردیواری تعمیر کرنے کا اعلان، اپوزیشن کی تنقید

Wed, 28 Nov 2018 20:07:47    S.O. News Service

لکھنؤ ،28؍ نومبر (آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز)رام کا مجسمہ تعمیر کرنے کا اعلان کرنے کے بعد اب اتر پردیش کی حکومت نے 10 اضلاع کے رام لیلا میدانوں کی چہاردیواری بنوانے اور اس میں دروازے لگوانے کا اعلان کیا ہے۔اُدھر اپوزیشن جماعتوں نے اسے آئندہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے ہندو ووٹوں کے پولرائزیشن کی کوشش قرار دیتے ہوئے اس کی تنقید کی ہے۔

ثقافت کے سیکشن کے خصوصی سیکرٹری ششر نے اس سلسلے میں جاری ایک حکم میں کہا کہ آمدنی ریکارڈ، رام لیلا کمیٹیوں کی سطح اور مقامی عقائد کی بنیاد پر رام لیلا میدانوں کی نشان دہی کی جائے اور انہیں چھ سے آٹھ فٹ اونچی دیواروں سے گھیرا جائے۔دیواروں پر رامائن سے منسلک تصاویر کو آویزاں کرکے اسے ایک فنکارانہ احاطے میں تبدیل کر دیا جائے۔

حال ہی میں جاری یہ حکم گورکھپور، لکھنؤ، بریلی، وارانسی، چترکوٹ، ایودھیا، الہ آباد، فیروز آباد اور سہارنپور کے ریاستی افسران کو بھیجا گیا ہے۔رام لیلا میدان کو چہاردیواری سے گھیرنے کے حکم کے متعلق ضلع مجسٹریٹ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جو چاردیواری کی تعمیر کے سلسلے میں آئے قراردادوں کا اندازہ لگائے گی۔چہاردیواری کے اندر پینے کے پانی اور بجلی دستیاب ہوگی۔اسے تعمیر اور تیار کرنے کے بعد رام لیلا کمیٹی کے حوالے کر دیا جائے گا۔احاطے میں صرف ثقافتی پروگرام اور رام لیلا کا انعقاد ہی ہو سکے گا۔الہ آباد اور فیض آباد کا نام بدل کر بالترتیب پریاگ راج اور ایودھیا کئے جانے اور ایودھیا میں بھگوان رام کے 221 میٹر بلند مجسمہ نصب کرنے کے اعلان کے بعد ریاستی حکومت کے اس اقدام کو اپوزیشن سال 2019 سے پہلے کھیلے گئے ایک اور ہندوتو کارڈ کے طور پر دیکھ رہا ہے۔اپوزیشن جماعتوں نے اس کی سخت تنقید کی ہے۔

سماج وادی پارٹی کے ایم ایل سی رکن راج پال کشیپ نے کہا کہ بی جے پی انتخابات میں کئے وعدے پورے کرنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے۔اب چونکہ سال 2019 کے لوک سبھا انتخابات قریب آ رہے ہیں لہٰذا رام لیلا میدانوں کی چہاردیواری کھڑی کرنے کا اعلان صرف ووٹروں کو ہندوتو کے ایجنڈے پر پولرائزڈ کرنے کے لئے ہے۔


Share: