بھوپال:08 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)پروین توگڑیا نے جمعہ کو نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہونے سے پہلے وہ ایودھیا میں رام مندر بنانے کے لئے آرڈیننس لے کر آئیں، تاکہ رام مندر بنانے کا کام جلد سے جلد ہموار ہو سکے۔ توگڑیا نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ابھی (لوک سبھا) انتخابات (کی تاریخ) اعلان نہیں ہوا ہے۔ مودی آرڈیننس لا کر رام مندر بنانا شروع کریں، ورنہ رام مندر نہیں تو بی جے پی کو ووٹ نہیں۔ مودی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم خواتین کے لئے ’تین طلاق‘ کا آرڈیننس تین بار لائے۔ ایک بار رام مندر کا کیوں نہیں لاسکے ۔وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے سابق رہنما توگڑیا نے تقریبا ایک ماہ پہلے ہندوستان نرمان سینا‘ کی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پارٹی کے نام پر (لوک سبھا) الیکشن لڑیں گے۔ نہ کانگریس سے رام مندر بنا، نہ بی جے پی نے بنایا۔ ان سے رام مندر نہیں بنے گا۔ ہم ہی (رام مندر) بنائیں گے۔ توگڑیا نے دعوی کیا کہ ہمیں ووٹ ملا تو ایک ہفتے میں آرڈیننس لا کر رام مندر بنائیں گے۔ ہم ہی دیں گے ایودھیا میں رام، کسانوں کو دام، نوجوانوں کو کام، فوجیوں کو احترام، تاجروں کا سمان ۔ ’اب کی بار ہندو سرکار‘ یہ ہم نے فیصلہ کیا ہے۔تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا ان کی پارٹی کتنی سیٹوں پر لوک سبھا انتخابات لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھوپال پارلیمانی سیٹ سے بھی ہم الیکشن لڑیں گے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی کی طرف سے سال 1990 میں نکالی گئی رتھ یاترا کا ذکر کرتے ہوئے توگڑیا نے کہا کہ میرا کہنا ہے رام مندر کے لئے سومناتھ سے ایودھیا یاترا نکال کر ایودھیا آئے، کار سیوکوں کو مروایا، رام کے نام پر ووٹ لے کر پنچایت سے پارلیمنٹ تک اقتدار ملا۔ پانچ سال میں مودی جی نے پارلیمنٹ میں قانون بنا کر رام مندر کیوں نہیں بنوایا۔