ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راشن حاصل کرنے کیلئے مخصوص کوپن کی ضرورت نہیں: یو ٹی قادر

راشن حاصل کرنے کیلئے مخصوص کوپن کی ضرورت نہیں: یو ٹی قادر

Sun, 05 Mar 2017 11:07:33    S.O. News Service

بنگلورو،4مارچ(ایس او نیوز)شہری رسد نظام کے تحت خوردنی اناج حاصل کرنے کیلئے کسی بھی راشن کارڈ ہولڈر کو کوئی مخصوص کوپن دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ بات آج ریاستی وزیر شہری رسدوخوراک یو ٹی قادر نے بتائی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہری رسد نظام کے تحت خوردنی اناج حاصل کرنے کیلئے حکومت نے کسی پر بھی کوپن استعمال کرنے کا لزوم نہیں کیا۔ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اناج کے عوض اضافی رقم کا بھی تقاضہ نہ کیا جائے ۔ راشن کارڈ ہولڈرس راست طور پر دکاندار سے رجوع ہوں اور بائیو میٹرک نظام کے تحت اپنی تصدیق کروانے کے بعد خوردنی اناج حاصل کریں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے راشن کی فراہمی کیلئے جو کوپن نظام متعارف کروایا گیا تھا اس کی وجہ سے بعض لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں بروقت کوپن نہ ملنے کی وجہ سے راشن کی فراہمی بھی نہیں ہوپائی۔ انہوں نے کہاکہ راشن کے دکانداروں کو بھی اس سلسلے میں واضح ہدایت جاری کی جاچکی ہے کہ کسی بھی حال میں بائیو میٹرک تفصیلات یکجا کرنے کے بعد کسی بھی خریدارسے جو اپنے ساتھ راشن کارڈ لائے غیر ضروری سوالات نہ کئے جائیں۔ قادر نے بتایا کہ راشن کارڈ ہولڈرس کا یہ حق ہے کہ انہیں مطلوبہ مقدار میں راشن حکومت کی طے شدہ حد کے مطابق فراہم کیا جائے۔ کسی بھی دکاندار نے اگر راشن فراہم کرنے سے انکار کیاتو اس کے خلاف محض ایک ایس ایم ایس کے ذریعہ بھی اگر شکایت کردی جائے تو حکومت اس کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ قادر نے کہاکہ اس سلسلے میں خود ان سے بھی شکایت کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ پچھلی یو پی اے حکومت کی طرف سے ملک میں رائج کردہ غذائی ضمانت قانون کے تحت اگر کسی نے بھی غرباء کو راشن فراہم کرنے سے انکار کیا تو ان کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی اور ان کے اخراجات پر مقدمے کی کارروائی چلائی جائے گی۔ ساتھ ہی ایسے لاپرواہ دکانداروں کے رجسٹریشن کو بھی منسوخ کردیا جائے گا۔


Share: