نئی دہلی، 21؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مشہور ہاکی کھلاڑی محمد شاہد کے انتقال کے ایک دن بعد ،، آج راجیہ سبھا میں کئی ممبران پارلیمنٹ نے ان کے خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کئے جانے کا مطالبہ کیا ۔اعلی ایوان میں وقفہ صفر کے دوران بی جے ڈی کے دلیپ ترکی نے یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہاکہ محمد شاہد نے بہت سے ہاکی کھلاڑیوں کے مثال تھے اور ان کی ہاکی کے ڈنڈے کا کمال یہ تھاکہ1980سے1990کی دہائی میں ٹیمیں کہتی تھیں، اگر شاہد ہماری ٹیم میں ہوں تو ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماسکو میں ہوئے اولمپکس کھیلوں میں شاہد کی ٹیم نے ہندوستان کو گولڈ میڈل دلایا تھا، لیکن کرکٹ کوچھوڑکردوسرے کھیل کے وہ بڑے کھلاڑی نظرانداز ہوتے جا رہے ہیں جنہوں نے ملک کے لیے میڈل جیتے۔ترکی نے کہا کہ شاہد کے خاندان کوکسی بھی طرح کی پریشانی نہیں ہونی چاہیے اور حکومت کو ان کی مدد کرنی چاہیے ۔حزب اقتداراوراپوزیشن کے کئی اراکین نے ترکی کے اس مسئلے سے خود کو وابستہ کیا۔ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے کہا کہ مجھے لگتاہے کہ پورا ایوان آپ کی اس بات سے اتفاق رکھتاہے۔