نئی دہلی،8اگست؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )راجیہ سبھا میں آج کانگریس ارکان نے عراق میں دو سال پہلے لاپتہ ہوئے 39ہندوستانی شہریوں کے بارے میں حکومت سے تازہ معلومات کی مانگ کی ۔وہیں پارٹی رکن پرتاپ سنگھ باجوا نے وزیر خارجہ سشما سوراج پر اس معاملے میں ایوان کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔باجوا نے وقفہ صفر میں یہ مسئلہ اٹھایا۔انہوں نے اس کے ساتھ ہی لدھیانہ کے تین نوجوانوں کے لیبیا میں پھنسے ہوئے ہونے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دو سال پہلے آئی ایس آئی ایس نے عراق میں ہندوستان کے 40افراد کو اغوا کر لیا تھا جو بنیادی طور پر پنجاب، مغربی بنگال اور ہماچل پردیش کے تھے۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں میں سے ایک کسی طرح فرار ہونے میں کامیاب رہا تھا جس کا کہنا تھا کہ باقی 39افراد کو اس کے سامنے ہی مار دیا گیا۔باجوا نے کہا کہ لیکن وزیر خارجہ سشما سوراج نے اس وقت یقین دلایا تھا کہ حکومت کے پاس چھ ایسے ذرائع ہیں جو بتاتے ہیں کہ وہ لوگ زندہ ہیں لیکن آج تک ان 39لوگوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ملی۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کے خاندانوں کو صحیح صورت حال کے بارے میں بتایا جانا چاہئے۔انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ عوام کی حقیقت کا پتہ کرنے کے لئے ایک کل جماعتی وفد عراق بھیجا جانا چاہیے۔کانگریس کی امبیکا سونی نے بھی عراق میں لاپتہ ہوئے 39لوگوں کا مسئلہ اٹھایا۔اس مسئلے سے خودکوجوڑتے ہوئے شد کے نریش گجرال نے کہا کہ وزیر خارجہ کو اس سلسلے میں ایک بیان دینا چاہئے۔پارلیمانی امور کے وزیر مملکت مختار عباس نقوی نے کہا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج شورش زدہ ممالک میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کیلئے خود ہی کوشاں تھیں۔انہوں نے باوجا سے کہا کہ اگر کوئی خصوصی معاملہ ہے جو وہ بتائیں، حکومت مناسب قدم اٹھائے گی۔ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے بھی باجوا سے کہا کہ ان کے پاس جو بھی معلومات ہے، وہ حکومت کو فراہم کریں۔