اندور:23/نومبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات مہم کے دوران کانگریس لیڈر راج ببر نے انوکھا بیان دیا ہے۔راج ببر نے ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی کی وزیر اعظم نریندر مودی کی بزرگ ’’ماتا‘‘کی عمر سے موازنہ کیا ۔ بی جے پی نے اس بیان پر سخت اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کانگریس صدر راہل گاندھی خود اس کے لئے معافی مانگیں۔ راج ببر نے جمعرات کو ایک انتخابی ریلی میں کہا کہ وزیر اعظم بننے سے پہلے مودی کہتے تھے کہ ڈالر کے سامنے روپیہ اتنا گر گیا ہے کہ اس کی قیمت اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کی عمر کے قریب جا رہا ہے۔راج ببر نے کہاکہ وزیر اعظم صاحب، آپ نے تو تب عزت سے ان کا نام نہیں لیا تھا، لیکن ہماری روایت یہ نہیں کہتی۔ ہم تو یہ کہنا چاہیں گے کہ آج روپیہ گر کر آپ کی ماتا کی عمر کے قریب پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔ راج ببر اتر پردیش کی کانگریس یونٹ کے صدر ہیں۔ وہ 28 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابی تشہیر کے لئے جمعرات کو مدھیہ پردیش کے دورے پر تھے۔ دریں اثنا ببر کے تبصرہ پر بی جے پی کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ سمبت پاترانے کہا کہ کسی بھی شخص کی ماں کو یوں سیاست میں نہیں گھسیٹا جانا چاہیے اور اس کے لئے نازیبا الفاظ کا استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔ لیکن وزیر اعظم کی ماں کے تئیں کانگریس کا رخ ہمیشہ سے غیر مناسب رہا ہے۔