نئی دہلی،20اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ریو اولمپکس میں چوتھے مقام پر رہنے والی ہندوستانی جمناسٹ دیپا کرماکر کا آج وطن پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا اور انہوں نے وعدہ کیا کہ اگلے اولمپک کھیلوں میں وہ ضرور تمغہ لے کر لوٹیں گی۔ریو اولمپکس کے ذاتی وولٹ میں دیپا چوتھے مقام پر رہی تھی جو کسی بھی بین الاقوامی مقابلے میں ہندوستان کی جانب سے بہترین کارکردگی ہے۔تری پورہ کی یہ 23سالہ کھلاڑی 0.150پوائنٹس سے اولمپک میڈل سے چوک گئی تھی جبکہ انہوں نے خطرناک پروڈنووا میں اچھا کیا۔دیپا نے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد کہا کہ میں تمام ہندوستانیوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے میرے لئے دعا کی، میں خوش ہوں لیکن اگر میں ملک کے لئے تمغہ جیت لیتی تو مجھے اور خوشی ہوتی کیونکہ میں صرف 0.15سیکنڈ سے تمغہ سے چوک گئی لیکن جو کچھ ہوا اچھائی کے لیے ہوا،امید ہے کہ آگے بہتر چیزیں ہوں گی،وطن میں میری کارکردگی کو لے کر جو جوش بنا میں نے اس سے ناواقف تھی،مجھے افسوس ہے کہ میں تمغہ نہیں جیت پائی لیکن اگلی بار ضرور کوشش کروں گی۔دیپا نے اپنے کوچ بشویشور نندی کا شکریہ ادا کیا جنہیں عظیم دروناچاریہ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے کوچ کی بہت شکر گزار ہوں،کھیل رتن ایوارڈ کے لئے چنا جانا بہت اچھا ہے لیکن اگر تمغہ جیتنے کے بعد مجھے یہ ایوارڈ ملتا تو بہت اچھا لگتا، میرے لئے سب سے اہم یہ ہے کہ میرے کوچ بشوشور نندی کو دروناچاریہ ایوارڈ مل رہا ہے،وہ گزشتہ 16سال سے ہمارے ساتھ ہیں اور مجھ سے بھی زیادہ حقدار ہیں۔اپنی کارکردگی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میں جانتی تھی کہ میں ساتویں، آٹھویں مقام پر پہنچ سکتی ہوں لیکن میں نے کبھی چوتھے مقام کے بارے میں نہیں سوچا تھا،میں بہت خوش ہوں۔