ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی کی عوام کو اب کوئی بھی پریشانی ہو ،تو ایل جی کے پاس جائیں:آپ 

دہلی کی عوام کو اب کوئی بھی پریشانی ہو ،تو ایل جی کے پاس جائیں:آپ 

Fri, 05 Aug 2016 21:35:02    S.O. News Service

نئی دہلی،5؍اگست (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )گزشتہ دنوں دہلی ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد عام آدمی پارٹی کے لیڈر اپنی ذمہ داری سے دامن بچاتے نظرآرہے ہیں اور وہ کہہ رہے ہیں کہ اب دہلی کے لوگوں کو کوئی بھی مسئلہ ہو تو اروند کیجریوال حکومت کے پاس نہیں، لیفٹیننٹ گورنرنجیب جنگ کے پاس جائیں۔آپ لیڈر آشوتوش نے جمعہ کوپریس کانفرنس کرکے کہاکہ دہلی کے لوگوں سے درخواست ہے کہ اب بجلی،پانی،سڑک، تعلیم، صحت، بدعنوانی وغیرہ کسی بھی مسئلہ کے لیے ایل جی کا دروازہ کھٹکھٹائیں ، یااگرناراضگی ظاہر کرنی ہے تووہاں مظاہرہ کریں،کیونکہ اب ان کے پاس ہی سارے اختیارات ہیں۔عام آدمی پارٹی کے لیڈر نے کہا کہ وہ ہائی کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، لیکن عدم اتفاق کے ساتھ وہ سپریم کورٹ جائیں گے اورجب تک سپریم کورٹ کوئی فیصلہ نہیں دے دیتا ، دہلی میں اسی نظام کے تحت کام کرنے کی کوشش عام آدمی پارٹی اور حکومت کرے گی ۔وہیں آپ لیڈر کے بیان پربی جے پی لیڈر وجیندر گپتا نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت غیر ذمہ دارانہ بیان ہے اور اپنی ذمہ داریوں سے بھاگنے والی بات ہے، جس کی مذمت کی جانی چاہیے ۔واضح رہے کہ جمعرات کودہلی ہائی کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں دہلی میں ایل جی کو حکومت کا سربراہ بتایا تھا اور کہا تھا کہ کوئی بھی قانون یانوٹیفکیشن ایل جی کی اجازت کے بغیر نہیں جاری کیاجاسکتا۔
 


Share: