لکھنؤ:25/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے اتر پردیش کے وزیر یوگی آدتیہ ناتھ کے 16 ماہ میں 75 اضلاع کا دورہ کرکے ریکارڈ بنانے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے بیرون ملک دوروں پر طنزکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگی کے دوروں سے یوپی میں کیا تبدیلی آئی؟ ان دوروں سے نہ تو کسان کو راحت ملی اور نہ ہی نوجوانوں کو روزگار ملا۔ سچ تو یہ ہے کہ بی جے پی حکومت نے اتر پردیش کو بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔اکھلیش نے کہا کہ یوگی حکومت نے ترقی تو کچھ کی نہیں جو ترقی سماجوادی سرکار میں ہوئی اس کو بھی برباد کیا جا رہا ہے۔ حکومت کا کتنا بجٹ چلا گیا، کتنا وقت ملک کا ضائع ہوا، اس کا کون جواب دے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی یوگی نے 16 مہینوں میں 75 اضلاع کا دورہ کر خود ساختہ ریکارڈ بنا ڈالاتو وہیں وزیر اعظم مودی نے 50 ماہ میں 50 ممالک کا دورہ کرڈالا، مگر ان دوروں سے کیا حاصل ہوا، حکومت اس کی وضاحت کرے ۔ ایس پی سربراہ نے کہا کہ ان دوروں سے نہ تو باہر سے سرمایہ کاری آئی، نہ ہی بینکوں سے پیسے لوٹ کر بھاگنے والے گرفت میں آئے اور نہ ہی ہمارے جوانوں کے شہید ہونے کی تعداد میں کمی آئی۔ یہی نہیں؛بلکہ کسانوں کی خوشحالی بھی نہیں ہوسکی اور نوجوانوں کو روزگاربھی نہیں ملا۔ سماجوادی حکومت کی طرف سے کئے گئے ترقی کاموں کے مقابلے دو دہائی سے زیادہ گجرات کی اقتدار میں رہی بی جے پی حکومت بھی نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ بی جے پی حکومت نے اتر پردیش کو بدنام کرنے میں کوئی کسر چھوڑی نہیں ہے۔ بی جے پی راج میں جرائم تھمے نہیں؛بلکہ اس میں دن بدن اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے ۔ مجرم کھلے عام گھوم رہے ہیں۔ حالت اتنی بری ہے کہ غیر ملکی سیاحوں اور خواتین کھلاڑی بھارت آنے سے ڈرتی ہیں۔ غیر ملکی خواتین کے ساتھ آبروریزی کے واقعات سے ملک کی بدنامی بیرون ملک تک میں ہوئی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ یہاں قانون کا راج مکمل طور ختم ہو گیا ہے۔