نئی دہلی،20؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )گجرات کے اونا میں دلت لڑکوں پر مظالم کے معاملے کو لے کر پارلیمنٹ میں ہنگامہ جاری ہے۔اسی مسئلے پر مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں اپنی بات رکھی۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں گجرات حکومت نے تیزی سے قدم اٹھایا ، اس کے لیے انہیں مبارک باد ۔ گجرات حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے اپوزیشن نے ہنگامہ شروع کر دیا۔اپوزیشن کا الزام ہے کہ اس حکومت میں دلتوں پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔اپوزیشن کے ہنگامے پر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ میں سارادن کھڑا رہوں گا اور دو ٹوک الفاظ میں اپنی بات کروں گا۔انہوں نے کہا کہ 12؍تاریخ کو غیر ملکی دورے سے واپس آنے کے بعدوزیر اعظم مودی نے او نا کے واقعہ کو لے کر مجھ سے بات کی تھی ۔وہ واقعہ کو لے کر دکھی تھے، مجروح تھے۔انہوں نے کارروائی کے بارے میں مکمل معلومات بھی لی۔واقعہ کی تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ 11؍جولائی 2016کو پیش آیا ہے۔اس واقعہ کے متاثر ین ایک مردہ گائے کی کھال نکال رہے تھے۔ملزم وہاں آئے اور لوہے اورڈنڈے سے انہیں پیٹنا شروع کر دیا۔ان کے فون بھی چھین کر لے لئے گئے۔ان سب کے خلاف 11؍جولائی کو ہی مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔متاثرین میں سے ایک نے ہی ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے۔معاملے کی جانچ ڈی ایس پی کررہے ہیں،9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔چار عدالتی حراست میں ہیں، باقی پولیس حراست میں ہے۔کل چارافسران ایک پولیس انسپکٹر، دو ایس آئی اور ایک ہیڈ کانسٹیبل کو معطل کر دیا گیا ہے۔ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔معاملہ کی جانچ سی آئی ڈی کرائم برانچ کو سونپ دی گئی ہے۔راج ناتھ نے کہا کہ اسپیڈ ٹرائل کے لیے اسپیشل کورٹ بنانے کے لیے ہائی کورٹ سے رابطہ کیا گیا ہے۔ریاستی حکومت اسپیشل پراسکیوٹر کی تقرری کر رہی ہے۔تفتیشی افسرکوچار مہینوں میں رپورٹ دینی ہے۔سب کو معاوضہ دیا گیا ہے۔سبھی کے علاج کا خرچہ ریاستی حکومت برداشت کر رہی ہے، ریاستی حکومت پورے معاملے کو دیکھ رہی ہے،گجرات حکومت اپنے کام کے لیے مبارکباد کی مستحق ہے، ان کی تعریف کی جانی چاہیے۔وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ یہ ایک بہت بڑی سماجی برائی ہے۔تمام سیاسی پارٹی کے لیڈروں کو اس مسئلہ کے حل کے لیے متحدہوکر کام کرنا ہوگا۔1999تک دلتوں پر مظالم کے واقعات کا جیسے ہی راج ناتھ نے ذکر شروع کیا۔اپوزیشن نے انہیں بولنے کا موقع نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ 2007میں 5000سے زیادہ دلتوں پر مظالم کے واقعات پیش آئے ۔انہوں نے بتایا کہ کانگریس کے دور اقتدار میں دلتوں پر کافی ظلم ہوئے۔انہوں نے دعوی کیا کہ نریندر مودی حکومت کے بننے کے بعد سے دلتوں کی حالت میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی بار ملک کے غریبوں ، دلتوں کو ملک کے مین اسٹریم سے جوڑنے کا کام کیا گیا ہے۔