سرجیوالا کا پاریکر پر نشانہ، پوچھا، آپ کا کام ملک کی حفاظت کرنا یا عامر جیسوں کو دھمکی دینا ہے ؟
نئی دہلی، 31؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کانگریس لیڈر رندیپ سرجیوالا نے اداکار عامر خان پر دئیے گئے بیان کو لے کر وزیر دفاع منوہر پاریکر پرحملہ بولاہے۔پاریکرنے ہفتہ کوعامرخان کے ملک چھوڑنے والے عدم برداشت والے بیان کو تکبر سے بھرابیان بتایاتھا۔سرجیوالانے ٹوئٹ کیاکہ منوہرپاریکرکے بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ دلتو ں اور اقلیتوں کو دبانے کی سازش ہے۔کیایہ راج دھرم ہوسکتاہے؟۔سرجیوالا نے یہ سوال بھی اٹھایاکہ کیا منوہر پاریکرکا کام ہندوستان کی پاکستان جیسے حملہ کرنے والوں سے حفاظت کرنا ہے یا ان کا کام اداکار عامر خان جیسے اپنے ملک کے شہری کو دھمکی دینا ہے؟۔واضح رہے کہ پاریکر نے پونے میں سیاچن پر مراٹھی صحافی ،قلمکار نتن گوکھلے کی کتاب کے رسم اجرا کے پروگرام میں عامر خان کا نام لیے بغیر کہا تھاکہ ایک اداکار نے کہاہے کہ اس کی بیوی ہندوستان سے باہر جانا چاہتی ہے، یہ افسوسناک بیان ہے۔اگر میں غریب ہوں اورمیراگھر چھوٹا ہے تومیں تب بھی اپنے گھر سے محبت کروں گا اور ہمیشہ اسے بنگلہ بنانے کا خواب دیکھوں گا۔جے این یو میں مبینہ ملک مخالف نعرے بازی کے واقعہ کا بالواسطہ طور پر ذکر کرتے ہوئے پاریکر نے کہا تھاکہ کس طرح کچھ لوگوں کو ملک کی مخالفت میں بولنے کی ہمت ہو تی ہے، ایسے لوگ جو لوگ ملک کے خلاف بولتے ہیں، انہیں اس ملک کے لوگوں کی طرف سے سبق سکھانے کی ضرورت ہے۔