دربھنگہ:31/ جنوری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) گزشتہ 25 جنوری 2019ء کو دربھنگہ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام بمقام خلافت کمیٹی زکریا اسٹریٹ معروف شاعر مشتاق دربھنگوی کو اُن کی عالمی شہرت یافتہ کتاب ’’گوش بر آواز‘‘ کی اشاعت پر جلسۂ استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ادارہ ہٰذٰا کے صدر محمد بدر عالم نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ادارے کے سکریٹری محمد یونس نے بحسن و خوبی انجام دیئے۔ مہمان ذی وقار کی حیثیت سے سابق مرکزی وزیر مملکت علی اشرف فاطمی شریک ہوئے۔ محمد شعیب نے مشتاق دربھنگوی کی شانہ پوشی کی۔ سابق کونسلر اخلاق احمد نے مشتاق دربھنگوی کی خدمت میں شال، علی اشرف فاطمی نے گلدستہ اور ادارے کے صدر محمد بدر عالم نے میمنٹو پیش کیا۔ محمد صادق حسین نے صاحبِ اعزاز کی خدمت میں ایک لفافہ پیش کیا۔ مقررین میں معروف شاعر حلیم صابر، ضمیر یوسف نے ’’گوش بر آواز‘‘ کے تعلق سے اظہارِ خیال کیا اور کہا کہ مشتاق دربھنگوی نے مذکورہ کتاب کو ترتیب دے کر نہ صرف ادب کی ایک بڑی خدمت انجام دی ہے بلکہ اپنے وطن دربھنگہ کے ساتھ کلکتہ کا بھی نام روشن کیا ہے اس لئے کہ اس کتاب کی اشاعت کلکتہ ہی میں ہوئی ہے۔ دیگر مقررین میں امام ناخدا مسجد مولانا محمد شفیق قاسمی، مولانا ذکی مدنی اور سابق کونسلر اخلاق احمد نے بھی صاحبِ کتاب کو مبارکباد پیش کی اور اہلِ دربھنگہ کے تئیں اسے باعثِ افتخار بتایا۔ مزید بر آں اشرف علی فاطمی کی ملّی و قومی خدمات کا بھی ذکر کیا۔ اس کے بعد مشتاق دربھنگوی نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے ادارہ کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ اخیر میں مہمان ذی وقار علی اشرف فا طمی نے صاحب کتاب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے اپنی دیرینہ قربت کا ذکر کیا۔ انہوں نے اپنی تقریر کے دوران ملی مسائل سے متعلق اپنی کارکردگی کو اجاگر کیا اور آئندہ بھی اپنی خدمت کے تعلق سے عزم مصمم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر حاجی حسیب الرحمٰن، محمد ایوب، محمد بلند اختر، دلدار بابو، عبداللہ خان، محمد مبین، محمد قیس، محمد داؤد، محمد بلند اختر، جمیل اختر، محمد صادق حسین، ڈاکٹر عطا اللہ، محمد سالم ، محمد آفتاب، محمد عادل حسین، محبوب اختر، محمد ذاکر، محمد یوسف، محمد میزان حسین، عبدالباری، نظیر راہی، محمد معران وغیرہ بہ نفس نفیس موجود رہے۔ اخیر میں صدر محترم نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس جلسہ کے خاتمے کا اعلان کیا۔