کولالمپور،24؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ملائیشیا میں سکیورٹی فورسز نے نو مشتبہ افراد کو داعش کے ساتھ روابط کے شبے میں گرفتار کر لیا ہے۔ حکام نے آج بتایا ہے کہ گرفتار شدگان میں اسکول کا ایک استاد، ایک سکیورٹی گارڈ اور جانوروں کے ایک کلینک کا مالک بھی شامل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پندرہ اور اکیس مارچ کو پانچ صوبوں میں مارے جانے والے چھاپوں کے دوران ان مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان افراد پر حملے کرنے اور جہادی نظریات کے پرچار جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ملائیشیا نے سن دو ہزار تیرہ میں مشتبہ جہادیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا تھا اور اب تک تقریبا دو سو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔