ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / داعش اسلام دشمن تنظیم ہے، مسلم نوجوانوں کو آگاہ کرنا وقت کی ضرورت:مولاناارشدمدنی

داعش اسلام دشمن تنظیم ہے، مسلم نوجوانوں کو آگاہ کرنا وقت کی ضرورت:مولاناارشدمدنی

Fri, 05 Aug 2016 21:00:15    S.O. News Service

ممبئی ، 5 ؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )داعش اسلام دشمن تنظیم ہے، وہ اسلام دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہے نیز اس کے تار اسرائیل سے جڑے ہوئے ہیں ، مسلم نوجوانوں کو اس بات سے آگاہ کرانا وقت کی ضرروت ہے اور وہ اس سے دوری اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ ویب سائٹس اورشوشل میڈیا پر بھی مسلم نوجوان کسی سازش کا شکار نہ ہوں ، ان خیالات کا اظہار آج یہاں جمعیۃ علماء کے قومی صدرمولاناارشد مدنی نے اپنے ممبئی دورے کے دوران کیا ۔جمعیۃ کے دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں وہ ساؤتھ افریقہ کے دورے پر تھے اس دوران ان کی ملاقات چند مسلم نوجوانوں سے ہوئی جو داعش سے متاثر ہوکر شام کے گئے تھے ، دوران گفتگو ان نوجوانوں نے ایک تعجب خیز بات یہ بتائی کہ کسی بھی حملہ میں زخمی ہونے والے داعش کے نوجوانوں کا علاج اسرائیل کے سرکاری اسپتالوں میں ہوتا ہے اور اسرائیل ان کا بھرپور مالی تعاون بھی کرتا ہے۔مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ داعش اسلام کی آڑ میں پوری دنیا میں قتل و غارت گیری کرکے اسلام کو بدنام کرنے اور غیر اسلامی فعل کررہی ہے جس سے عالمی سطح پر اسلام کی شبہ خراب ہورہی ہے لہذا اب یہ ہماری ذمہ داری ہوگئی ہے کہ داعش کی اصلیت سے عوام کو آگاہ کیا جائے اور خاص کر مسلم نوجوانوں کو ا س سے دور رہنے کی تلقین کی جائے۔حالات حاضرہ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات میں تشویش ناک رفتار سے اضافہ ہورہا ہے، زہریلی تقریروں کا سلسلہ قابو سے باہر ہوتا جارہا ہے اور میڈیا کا ایک حصہ پے درپے ایسے نون ایشوز کو پوری قو ت اور مبالغہ کے ساتھ اٹھانے کی کوشش میں لگا ہوا ہے جن سے بعض فرقوں کے خلاف نفرت کی آگ بھڑک رہی ہے اور یہ حالات ہمارے سماج کو متاثرکررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف فرقوں اور طبقات کے درمیان باہمی اعتماد مجروح ہورہا ہے اور سماجی تانے بانے کی تباہی کااندیشہ لاحق ہونے لگا ہے اس لیئے ضروری ہیکہ ملک کے تمام باشندوں کے درمیان انسانی بنیادوں پر برادرانہ تعلقات قائم کیئے جائیں اور ایک دوسرے کے حقوق کے احترام کا جذبہ پیدا کیا جائے ۔ ملک میں دلتوں کے خلاف مظالم کی تازہ لہراوراس کے خلاف جاری ہنگامہ کے تعلق سے مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ گجرات میں دلتوں کے ساتھ جو مظالم ہوئے ہیں وہ قابل مذمت ہیں۔ملک میں دلتوں کے خلاف ایسے مظالم ہمیشہ سے ہوتے رہے ہیں ، ہم اس کے خلاف ہیں اور مذمت بھی کرتے ہیں،لیکن جس طرح سے میڈیا اور سیاسی جماعتوں نے اس پر واویلا کھڑا کیا ہے ،انہوں نے مسلمانوں پرہونے والے مظالم پرکبھی بھی نہیں کیابلکہ خاموشی اختیارکی ، جب کہ ان ہی فرقہ پرستوں نے مسلم نوجوانوں کو پکڑ کر انہیں جبراً گوبرکھانے پر مجبور کیاتھا تب یہ سیاسی جماعتیں کہاں تھیں اور انہوں نے حق کی آواز بلند کیوں نہیں کی تھی ، اگر انہوں نے مسلمانوں کے خلاف فسادات اور دیگر مظالم پراسی طرح سے آواز اٹھائی ہوتی تو شاید آج حالات کچھ اور ہی ہوتے اور ملک میں مسلمانوں کے خلاف ایسی فضا ہر گز نہیں بنتی جیسی کہ آج ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ ہم دلتوں کے ساتھ ہیں اور اگر کوئی بھی طبقہ کسی کے مظالم کا شکار ہوتا ہے تو ظلم کرنے والوں کی مخالفت اور مظلومین کی حمایت اپنا فریضہ سمجھتے ہیں۔ اتر پردیش میں جلدہی منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کے تعلق سے انہوں نے کہاکہ جمعیۃ علماء ایک غیر سیاسی تنظیم ہے اور وہ کسی بھی سیاسی پارٹی کی حمایت یا مخالفت نہیں کرتی ہے لیکن مسلمانوں کی رہنمائی کے طور پر وہ مسلمانوں اور برادران وطن سے یہ اپیل کرتی ہے کہ فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیئے سیکولر سیاسی جماعتوں کی حمایت میں اکثریت سے اپنے جمہوری حقوق کا استعما ل کیا جائے ۔


Share: