نئی دہلی:10/ اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)خواتین اوربہبود اطفال کی وزیرمحترمہ مینکا سنجے گاندھی نے آج لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں بتایاہے کہ خواتین کے قومی کمیشن نے فیس بک اور سائبر پیس فاؤنڈیشن (سائبر سیکورٹی کے تما م پہلوؤں سے متعلق ٹریننگ میں مصروف رانچی اور جھارکھنڈ میں واقع ایک سول سوسائٹی تنظیم) کے اشتراک سے کالج ، یونیورسٹی طالبات کے لئے ڈیجیٹل خواندگی پروگرام شروع کیا ہے۔ پروگرام کا مقصد خواتین میں ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینا ، سائبر جرائم کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ، خواتین کو دستیاب وسائل کے بارے میں صارفین کو مشورہ دینا ، مسائل کو روکنا اور یہ کہ اس طرح سے جرائم سے کیسے نمٹا جائے ، وغیرہ ہے۔ ڈیجیٹل خواندگی پروگرام کا مقصد انٹرنیٹ، سوشل میڈیا اور ای میل کے محفوظ استعمال کے سلسلہ میں بھارت کے بڑے شہروں میں یونیورسٹیوں کی 60 ہزار خواتین کو ٹریننگ دینا ہے۔