ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / خراب پاور بیک اپ معاملے پر عرضی، ہائی کورٹ نے مدھیہ پردیش حکومت کو نوٹس جاری کیا

خراب پاور بیک اپ معاملے پر عرضی، ہائی کورٹ نے مدھیہ پردیش حکومت کو نوٹس جاری کیا

Sun, 28 Aug 2016 19:17:55    S.O. News Service

جبل پور، 28؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت اور ریاست کے وزیر برائے توانائی ترقی کارپوریشن کو نوٹس جاری کرکے مفادعامہ کی ایک عرضی پر ان کا جواب مانگا ہے۔مفادعامہ کی اس درخواست میں دعوی کیا گیا ہے کہ کچھ ہیلتھ مراکزپر لگائے گئے شمسی توانائی کے پلانٹ گھٹیا قسم کے ہیں اور ان کی وجہ سے نوزائیدہ بچوں کی زندگی پر خطرہ منڈلا رہا ہے۔سماجی کارکن سشیل لیوی کی طرف سے دائر مفاد عامہ کی عرضی میں دعوی کیا گیا ہے کہ جدید اور قابل تجدید توانائی سے متعلق اقدامات کے نفاذ کے لیے ذمہ دار ریاستی حکومت کی نوڈل ایجنسی مدھیہ پردیش توانائی ڈیولپمنٹ کارپوریشن(ایم پی یووی این )نے ودیشا ضلع میں واقع سات بنیادی ہیلتھ مراکز اور کمیونٹی ہیلتھ مراکز میں لگے شمسی توانائی کے پلانٹ کی بیٹری پاور بینک صلاحیت کم کر دی ہے۔انہوں نے میڈیا میں آئی کچھ رپورٹوں کے حوالے سے دعوی کیا کہ شمسی توانائی کے پلانٹ کے خراب پاور بیک اپ اور کم پاور بیٹری کی وجہ سے ان طبی مراکز میں پیداہونے والے نوزائیدہ بچوں کی موت ہو رہی ہے۔ہائی کورٹ نے حال ہی میں نوٹس جاری کیا ہے اور اس معاملے کی سماعت اگلے مہینے کی شروعات میں ہونے کاامکان ہے ۔لیوی نے ایم پی یووی این کے ان افسران کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر بیٹری کی صلاحیت کو کم کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے۔مدھیہ پردیش کے زیادہ تر بنیادی ہیلتھ مراکز پر مناسب توانائی بیک اپ نہیں ہے اور اس کی وجہ سے نوزائیدہ بچوں کی زندگی پر خطرہ منڈلارہا ہے، ریاستی حکومت کو اس معاملے کی جانچ کرنی چاہیے ۔ریاست میں تقریبا 1100بنیادی ہیلتھ مرا کز اور تقریبا 340کمیونٹی ہیلتھ مرا کز ہیں۔


Share: